بنگلہ دیش کااقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور
نجی شعبے میں روابط بڑھا کر فائدہ اٹھایا جا سکتا ، ہائی کمشنر ثاقب صداقت بحری کارگو سروسز سے باہمی تجارت کو فروغ ملے گا، عبدالرحمان فدا
کراچی(بزنس رپورٹر)بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر ثاقب صداقت نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے نجی شعبے کے درمیان روابط بڑھا کر تجارت و سرمایہ کاری کے بے شمار غیر استعمال شدہ مواقع سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے پاکستانی صنعتکاروں کو بنگلہ دیش کا دورہ کرکے وہاں موجود تجارتی و سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے کی دعوت دیتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔یہ بات انہوں نے کراچی میں سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر عبدالرحمان فدا کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے موقع پرکہی۔
ملاقات میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے ، قابلِ تجارت مصنوعات کے دائرہ کار کو وسعت دینے ، کاروباری وفود کے تبادلوں کو مؤثر بنانے اور تجارتی سہولتوں میں اضافے سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سائٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست پروازوں کی تعداد بڑھانے اور سمندری کارگو سروسز میں توسیع کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بہتر لاجسٹکس سے نہ صرف تجارتی لاگت میں کمی آئے گی بلکہ دوطرفہ تجارت کے حجم میں بھی نمایاں اضافہ ممکن ہوگا۔ بعد ازاں سائٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے ڈپٹی ہائی کمشنر کو ایسوسی ایشن کے دفتر کے دورے کی دعوت دی تاکہ دونوں ممالک کی تاجر برادری کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments