غیر ریٹڈ کمپنیوں کیلئے قرض کی حد بڑھا کر 10 ارب مقرر
پالیسی 30 ستمبرسے نافذ العمل ،صنعتی سرگرمیوں کو تقویت ملے گی ،اسٹیٹ بینک
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹیٹ بینک نے بڑی غیر ریٹڈ کمپنیوں کیلئے بینک قرض کی مجموعی حد 3 ارب سے بڑھا کر 10 ارب روپے کر دی ہے ۔سرکلر کے مطابق یہ سہولت 30 ستمبر 2026 سے نافذ العمل ہوگی اوراس اقدام کا مقصد صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو تقویت فراہم کرنا ہے ۔ نئی پالیسی کے تحت بڑی غیر ریٹڈ کمپنیوں کو مختلف کمرشل بینکوں اور ڈیولپمنٹ فنانس انسٹی ٹیوشنز سے مجموعی طور پر 10 ارب روپے تک قرض حاصل کرنے کی سہولت میسر ہوگی۔ اس سے قبل مقررہ حد 3 ارب روپے تھی جس کے باعث اس سے زیادہ قرض لینے کی صورت میں بینکوں کو اضافی رسک ویٹ اور کیپٹل کی سخت ریگولیٹری شرائط کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ ماضی میں غیر ریٹڈ کمپنیوں پر لاگو اضافی رسک اور کیپٹل تقاضوں کے باعث بینک بڑے پیمانے پر قرض فراہم کرنے سے گریز کرتے ،نئی ترمیم کے بعد بینکوں کیلئے ایسی کمپنیوں کو قرض فراہم کرنا نسبتاً آسان ہوگا جبکہ کارپوریٹ فنانسنگ کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments