سالٹ مینوفیکچررز کے زیراہتمام مفت ٹیکنیکل کورسز کا آغاز

سالٹ مینوفیکچررز کے زیراہتمام مفت ٹیکنیکل کورسز کا آغاز

کلاسز کا آغاز 24اگست سے ہوگا،پہلے مرحلے میں 100نوجوان مستفید ہونگے

کراچی (بزنس ڈیسک)سالٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایس ایم اے پی) نے وزیراعظم کے اسپیشل انیشیٹو، وزیراعظم یوتھ پروگرام (پی ایم وائی پی) اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) کے تعاون سے سالٹ انڈسٹری کیلئے ہنرمند افرادی قوت تیار کرنے کیلئے مفت فنی تربیتی پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ۔3 ماہ کے اس تربیتی پروگرام کے دوران نوجوانوں کو سالٹ پیکیجنگ اینڈ کوالٹی کنٹرول، سالٹ مائننگ، سالٹ ایکسپورٹ ڈاکیومنٹیشن اور ویلیو ایڈڈ سالٹ مصنوعات کی تیاری سمیت مختلف شعبوں میں عملی اور جدید تکنیکی مہارتیں سکھائی جائیں گی۔ ایسوسی ایشن کے بانی چیئرمین اسماعیل ستار، چیئرپرسن صائمہ اختر اور سابق چیئرمین قاسم یعقوب پراچہ نے مشترکہ بیان میں کہا کہ سالٹ انڈسٹری کے لیے ہنرمند افرادی قوت تیار کرنے کے منصوبے کے تحت فنی تربیتی کلاسز کا آغاز 24 اگست 2026ء سے کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں 100 طلبہ کو پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔

ابتدا میں ایک ماہ کی کلاس روم تربیت فراہم کی جائے گی جس کے بعد انہیں متعلقہ صنعتی اداروں میں 2 ماہ کی آن دی جاب ٹریننگ کرائی جائے گی تاکہ وہ عملی مہارت حاصل کر سکیں۔ ان کا کہنا تھاکہ پروگرام کا مقصد سالٹ انڈسٹری کی ڈیمانڈ کے مطابق تربیت یافتہ افرادی قوت تیار کرنا، نمک کی مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن کو فروغ دینا، برآمدات میں اضافہ کرنا اور نوجوانوں کو باوقار روزگار کے قابل بنانا ہے ۔اس پروگرام کے تحت تربیت مکمل کرنے والے شرکاء سالٹ انڈسٹری کی ضروریات سے ہم آہنگ عملی مہارتیں حاصل کریں گے جس سے انہیں روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے اور ملکی سالٹ سیکٹر کی پیداواری صلاحیت میں بھی اضافہ ہوگا۔ایسوسی ایشن نے نوجوان خواتین اور مردوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ مفت تربیتی پروگرام سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنے لیے بہتر روزگار کے مواقع پیدا کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...