قلات ہنگو: فورسز کا آپریشن ، 13 دہشتگرد ہلاک ، کیپٹن ، لیفٹیننٹ سمیت 6 جوان شہید: اغوا، بھتہ خوری ناکام23 مغوی بازیاب
چمن تا کراچی شاہراہ پر فورسز کا دہشتگردوں کیخلاف فوری ایکشن، فتنہ الہندوستان کے 5کارندے مارے گئے ، بھاری اسلحہ، گولہ بارود ، چھینے گئے 6 ٹرک، 3 بسیں،2 کاریں برآمد کوہاٹ سے ٹل جانے والے ایف سی اور فوج کے مشترکہ قافلے پر حملہ، 8 خوارج ہلاک،کیپٹن ابوذر فاروق،لیفٹیننٹ شیراز بابر ودیگرجوان وطن پر قربان:آئی ایس پی آر
اسلام آباد،راولپنڈی ،کوئٹہ ،کوہاٹ(نامہ نگار،دنیا نیوز،اے پی پی)سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں قلات کے قریب مرکزی شاہراہ پر دہشتگردوں کا اغوا، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 5دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا،23 مغویوں کو بحفاظت بازیاب کروا کر چھینی گئی 11 گاڑیاں اور بھاری اسلحہ برآمد کر لیا گیا جبکہ خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی میں 8 خوارجی دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جبکہ 6 جوان شہید ہوگئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 18 اور 19 ستمبر کی درمیانی رات فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں نے قلات کے قریب پاکستان ہائی وے (چمن تا کراچی، این 25)پر آمد و رفت میں خلل ڈالنے کی کوشش کی جہاں انہوں نے تاوان کیلئے اغوا، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے کی غرض سے ناکہ قائم کیا ۔ سکیورٹی فورسز نے فوری ایکشن لیااور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد مسلح افواج کی موثر کارروائی سے بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والی پراکسی فتنہ الہندوستان کے 5دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے سے 23 مغویوں کو بھی بازیاب کرا لیا، دہشتگردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد کیساتھ 6 ٹرک، 3 بسیں اور 2 کاریں بھی برآمد کی گئیں۔ فورسز کے کامیاب آپریشن نے فتنہ الہندوستان کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا ۔علاقے میں موجود دیگر ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے ، مقامی آبادی کے تحفظ اور اہم قومی شاہراہوں کی حفاظت و سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے سرچ وکلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع ہنگو میں فورسز کے قافلے اور خوارج میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، مو ثر کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 8 خوارج ہلاک ہوگئے ۔شدید فائرنگ کے تبادلے میں اپنے دستوں کی فرنٹ سے قیادت کرنیوالے دو بہادر افسروں اور 4 جوانوں نے بھی جامِ شہادت نوش کیا، شہید ہونیوالوں میں 23 سالہ کیپٹن ابوذر فاروق، ساکن ضلع گوجرانوالہ اور 22 سالہ لیفٹیننٹ شیراز بابر ساکن ضلع چکوال شامل ہیں۔ترجمان پاک فوج کے مطابق دونوں افسروں نے اپنے چار جوانوں کے ہمراہ بہادری سے لڑتے ہوئے مادرِ وطن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر خوارج کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق واقعہ اتوار کو بعد از دوپہر اسوقت پیش آیا جب کوہاٹ سے ٹل جانیوالے ایف سی (ٹل سکاؤٹس)اور فوج کے مشترکہ قافلے پر مسلح افراد نے اچانک گھات لگا کر حملہ کیا۔ فورسز نے جوابی کارروائی کی، دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ سے فورسز کی دو گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ ایک گاڑی کو حملہ آوروں نے آگ لگا کر نذر آتش کردیا۔ واقعہ کے بعدفورسز کی بھاری تعداد نے وہاں پہنچ کر علاقے میں سکیورٹی مزید سخت اورحملہ آوروں کی تلاش کیلئے کارروائی شروع کردی ۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی اپیکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کیخلاف کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی تاکہ دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے ۔ صدرِ مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے قلات میں دہشتگردوں کیخلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اتوار کو ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدرنے موثر کارروائی پرفورسز کی کارکردگی کو سراہا اوردہشتگردوں کے ٹھکانے سے مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کرانے ، ٹرک، بسیں اور گاڑیاں برآمد کرنے پر فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔اتوار کو وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے 5دہشتگردوں کو ہلاک کیا اور انکے ٹھکانے سے 23 مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کرایا جو لائق تحسین ہے ۔ وزیراعظم نے دہشتگردوں سے گاڑیوں سمیت بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود برآمد کرنے پر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کیخلاف فیصلہ کن کارروائیاں جاری رہیں گی اور غیر ملکی سرپرستی و معاونت سے ہونیوالی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments