صاف ستھراپنجاب ایک صحت مند ، خوشحال مستقبل کی بنیاد : مریم نواز
پہلی بار 25 ہزار دیہات میں صفائی کا جامع اور منظم نظام قائم کیا گیا، عالمی یومِ صفائی پرخصوصی پیغام چمن کراچی ہائی وے پر دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر اظہارِ تشکر، فورسز کو خراجِ تحسین
لاہور (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ صفائی ہر مسلمان کے لئے نصف ایمان کا درجہ رکھتی ہے ، جبکہ صاف ستھرا پنجاب ایک صحت مند اور خوشحال مستقبل کی بنیاد ہے ۔ عالمی یومِ صفائی کی مناسبت سے اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے واضح کیا کہ 'ستھرا پنجاب پراجیکٹ' نئے اور صحت مند صوبے کی تشکیل کے لئے بنیاد کا پتھر ہے اور یہ دنیا بھر میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا اور منفرد پراجیکٹ ہے ۔صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ شہروں کے ساتھ ساتھ 25 ہزار دیہات کو بھی صفائی کے ایک جامع اور منظم پروگرام میں شامل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صفائی کے معیار اور تسلسل کو یقینی بنانے کے لئے پنجاب کی مرکزی شاہراہوں، گلیوں اور محلوں کی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ غفلت کی کوئی گنجائش نہ رہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ 'ستھرا پنجاب پروگرام' کے تحت پائیدار اور کامل ماحول دوست اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ''پنجاب کو صاف، سرسبز اور اہل پنجاب کو صحت مند بنانا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے کچرے کی جدید تکنیک کے ذریعے ری سائیکلنگ، سائنس پر مبنی ویسٹ مینجمنٹ اور پبلک مقامات کی مستقل صفائی کے لیے ٹھوس اور مؤثر اہتمام کیا جا رہا ہے ۔اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ صاف پاکستان ہی اصل میں صحت مند اور ترقی یافتہ پاکستان ہے ۔ انہوں نے عوام سے پرزور اپیل کی کہ وہ کوڑا کرکٹ کو صحیح جگہ ٹھکانے لگانے کے مناسب طریقے اپنائیں، پلاسٹک کے استعمال سے مکمل طور پر گریز کریں ،دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے قلات کے قریب چمن کراچی ہائی وے (N-25) پر دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر اظہارِ تشکر کیاہے ،وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے 5 دہشت گردوں کی ہلاکت اور 23مغوی بحفاظت بازیاب کرانے پرسکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیاہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments