امن کیلئے مذاکرات ،سفارت کاری ناگزیر:صدر، وزیرعظم
یو این قراردادوں پر عدم عملدرآمد سے امن قائم نہیں ہوسکتا:آصف زرداری نفرت ختم ، پُرامن بقائے باہمی کو فروغ دینا ہو گا، شہبازشریف ،یوم امن پر پیغام
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، نامہ نگار)صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی یومِ امن کے موقع پر اپنے پیغامات میں عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کرتے ہوئے تنازعات کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو فروغ دیا جائے ۔صدر مملکت نے کہا پائیدار امن مذاکرات، سفارت کاری، انصاف اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے مکمل احترام سے ہی حاصل ہوسکتا ہے ۔ عوام کے حقِ خودارادیت سے انکار اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عدم عملدرآمد کے حالات میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا پاکستان بین الاقوامی امن و سلامتی اور اقوام متحدہ کے مرکزی کردار پر مبنی مؤثر کثیرالجہتی نظام کے لیے پرعزم ہے۔
پاکستان بات چیت کو جاری رکھنے اور خطے کے عوام اور وسیع تر دنیا کے لیے پائیدار امن کے حصول کی کوششوں میں مصروف عمل ۔صدرآصف علی زرداری نے کہاپاکستانی امن دستے کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ کے مشنز میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور شہریوں کے تحفظ سمیت قیام امن کی کوششوں میں کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے ایران اور امریکا کے تنازع کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا بھی ذکر کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا پاکستان پُرامن بقائے باہمی، عالمی استحکام، ترقی و خوشحالی اور عدل و انصاف کے اصولوں سے وابستگی کا تجدید عزم کرتا ہے ۔ پاکستان کی امن مشنز میں خدمات قومی فخر ہیں۔ وزیراعظم نے نفرت، عدم برداشت اور امتیازی سلوک کے خاتمے اور معاشرے میں ہمدردی، مکالمے اور احترام کے فروغ پر زور دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments