مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اجتماعی کوششیں وقت کی ضرورت
آنے والی نسلوں کیلئے خوشحال پاکستان کی تعمیر ہمارا عزم ، چیئرمین پی کیو اے
کراچی (بزنس ڈیسک)پورٹ قاسم اتھارٹی (پی کیو اے )نے پاکستان کا 79واں جشن آزادی قومی جذبے ، جوش و خروش اور بھرپور ولولے کے ساتھ منایا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریبات میں چیئرمین، اعلیٰ انتظامیہ اور پورٹ قاسم اتھارٹی کے ملازمین نے شرکت کی اور حب الوطنی اور قومی یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کیا۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہواجس کے بعد چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی ریئر ایڈمرل سید معظم الیاس، ایچ آئی (ایم) (ریٹائرڈ) نے قومی ترانے کی دھن پر قومی پرچم کشائی کی۔ یومِ آزادی کی تقریبات میں شجرکاری مہم، کیک کاٹنے کی تقریب اور کشتیوں کی ریلی بھی شامل تھی۔اس موقع پر چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی نے کہاکہ آج جب ہم 79واں یومِ آزادی منا رہے ہیں تو ہم اپنی قوم کے عزم، حوصلے اور جذبے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ ہمارے بزرگوں اور شہداء کی قربانیوں نے ایک خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھی ہے ۔انہوں نے قائدِ اعظم محمد علی جناح کے رہنما اصول اتحاد، ایمان اور تنظیم پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان اصولوں پر عمل ہی قوم کو ترقی، استحکام اور چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی طاقت فراہم کرتا ہے ۔چیئرمین نے مزید کہا کہ ہم مستقبل کے چیلنجز سے آگاہ ہیں اور ان پر قابو پانے کے لیے اجتماعی کوششوں کے ذریعے آنے والی نسلوں کے لیے ایک روشن اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کیلئے پُرعزم ہیں۔چیئرمین نے کشتیوں کی ریلی میں حصہ لینے والے شرکاء میں انعامی رقوم بھی تقسیم کیں۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments