پھولنگر،مریدکے :خاتون سمیت 2افراد فائرنگ سے قتل
پیدل جاتی تہمینہ کو سر میں گولی ماری گئی ،مقتولہ کا شوہر منیر سے جھگڑا رہتا تھا گھر میں قتل ہونیوالا الیاس نامی گرامی ڈاکو اور مقابلے میں اپاہج ہوا تھا:پولیس
قصور، مریدکے (نمائندگان دنیا) پھولنگر اور مریدکے میں خاتون سمیت 2افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ تھانہ سٹی پھولنگر کے علاقے بلھے شاہ روڈ پر تہمینہ بی بی پیدل جارہی تھی کہ نامعلوم ملزم نے اندھادھند فائرنگ کردی۔ایک گولی سر میں لگنے سے تہمینہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو ضروری کارروائی کیلئے تحویل میں لے لیا۔ذرائع کے مطابق مقتولہ کے اپنے شوہر منیر احمد کیساتھ اکثر گھریلو تنازعات رہتے تھے جبکہ واقعہ سے دو، تین روز قبل بھی دونوں میاں بیوی میں جھگڑا ہوا تھا۔ ادھر مریدکے کے تھانہ سٹی ، سلامت پورہ کے ایک گھر میں گھس کر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شوہر جاں بحق ، بیوی شدید زخمی ہوگئی۔ پولیس نے انکشاف کیا کہ قتل ہونیوالا شخص الیاس طفیل نامی گرامی ڈاکو تھا جو بین الاضلاعی درجنوں ڈکیتی، رہزنی اور چوری کی وارداتوں کے علاوہ قتل میں بھی ملوث تھا ، اس کیخلاف تھانہ سٹی و صدر مریدکے کے علاوہ گوجرانوالہ ،لاہور اور شیخوپورہ کے متعدد تھانوں میں ڈکیتی،رہزنی چوری اور قتل کے مقدمات درج ہیں۔سٹی پولیس کے مطابق مقتول الیاس حالیہ دنوں میں قتل کے مقدمے میں بری ہو کر بیوی لبنیٰ کے ہمراہ سلامت پورہ میں رہ رہا تھا۔مقتول سی سی ڈی کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے دونوں ٹانگوں سے اپاہج ہو گیا تھا۔سٹی پولیس نے مقتول الیاس کے بیٹے محمد علی حمزہ کی درخواست پر منیر عرف کھدو اور تین نامعلوم افراد کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments