اپناگھر اسکیم کیلئے 22ارب روپے فنانسنگ کی درخواستیں موصول

اپناگھر اسکیم کیلئے 22ارب روپے فنانسنگ کی درخواستیں موصول

میزان بینک اب تک تقریباً 14فیصد رقم فراہم کرچکا، سی ای اوسید عامر علی تعمیراتی صنعت کے فروغ کیلئے ملک گیر تعمیراتی زونز بنائے جائیں، چیئرمین آباد

کراچی(کامرس رپورٹر)میزان بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سید عامر علی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی اپناگھر ہاؤسنگ اسکیم کے تحت 22 ارب روپے سے زائد کی فنانسنگ کی درخواستیں موصول ہوچکی ہیں جبکہ میزان بینک اب تک تقریباً 14فیصد رقم فراہم کرچکاہے چیئرمین آباد محمد حسن بخشی نے کہا کہ تعمیراتی صنعت کے فروغ کیلئے کراچی سمیت ملک بھر میں تعمیراتی زونز بنائے جائیں،پاکستان میں زرمبادلہ لانے کیلئے اوور سیز پاکستانیوں کیلئے ہاؤسنگ سہولتوں کو آسان اور موثر بنایا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آباد ہاؤس میں بینکنگ فنانس کے فروغ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر آباد کے سینئر وائس چیئرمین سید افضل حمید،وائس چیئرمین طارق عزیز،چیئرمین سدرن ریجن احمد اویس تھانوی اور بلڈرز اور ڈیولپرز کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ صدر میزان بینک سید عامر علی نے مزید کہاکہ بلڈرز اور ڈیولپرز ملک میں تعمیراتی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہے ہیں،پاکستان میں ایک کروڑ 40 لاکھ رہائشی یونٹس کی کمی ہے جسکی بڑی وجہ مارکیٹ میں تیار گھروں کی کمی ہے ،وزیراعظم ہاؤسنگ اسکیم درست وقت پر متعارف کرائی گئی، جسکے تحت فنانسنگ کی شرح صرف 5 فیصد ہے جو تقریباً ایک عام گھر کے کرائے کے برابر ہے ، انھوں نے کہا کہ ہاؤسنگ فنانسنگ میں میزان بینک کا بہت بڑا حصہ ہے ، تعمیراتی میٹریل کی قیمتوں میں اضافے اور صارفین سے اقساط میں وصولی میں مسائل کے باعث بعض بلڈرز اپنے تعمیراتی منصوبے مقررہ وقت پر مکمل نہیں کرپاتے تاہم ہاؤسنگ فنانسنگ کے ذریعے اس مسئلے پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے

،جو منصوبے تاحال مکمل نہیں ہوئے ، میزان بینک ان کیلئے بھی فنانسنگ فراہم کرنے پر غور کرے گا۔سید عامر علی نے تجویز دی کہ آباد ہاؤسنگ فنانس کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دے تاکہ مستحق اور قابل اعتماد بلڈرز کا تعین آسان ہو سکے ، کمیٹی میں وکلا کی نمائندگی بھی یقینی بنائی جائے تاکہ قانونی پیچیدگیوں اور دیگر مراحل کو مؤثر انداز میں حل کیا جا سکے ۔ اس موقع پر چیئرمین آباد نے کہا نے کہا کہ گزشتہ حکومت میں ہاؤسنگ سیکٹر حکومت کی ترجیحات میں شامل تھا، امید ہے کہ موجودہ حکومت بھی ہاؤسنگ کے فروغ کیلئے بہترین فیصلے کریگی۔ حسن بخشی نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار زیر تعمیر عمارتوں کو بھی ہاؤسنگ فنانس کی سہولت ملنے جا رہی ہے ، جو ایک مثبت پیشرفت ہے ۔انھوں نے بلڈرز اور عوام پر زور دیا کہ وہ ہاؤسنگ فنانس کی اسکیم سے بھرپور فائدہ اٹھائیں انھوں نے آباد کے بلڈرز کو میزان بینک کے ساتھ کاروباری روابط بڑھانے اور ہاؤسنگ فنانس کے فروغ میں کردار ادا کرنے کی ہدایت بھی کی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...