اسٹاک ایکسچینج،مندی کے بادل چھٹ گئے ،160ارب منافع
1646پوائنٹس کے اضافے سے 100انڈیکس 170511پر بند ہوا کاروباری حجم 9.35فیصد زائد ،49.60فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں
کراچی(بزنس رپورٹر)امریکا ایران کے درمیان کشیدگی کے باوجود خام تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی کے رحجانات اور مثبت معاشی اشاریوں کے سبب اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو مندی کے بادل چھٹ گئے ۔ دن بھر اتارچڑھاؤکے بعد ٹریڈنگ تیزی کی جانب گامزن رہی جس سے 100 انڈیکس کی 1لاکھ 69ہزار اور 1لاکھ 70ہزار پوائنٹس کی دو سطح بحال ہوگئیں۔تیزی کے سبب 49.60 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ حصص کی مالیت 1کھرب 60 ارب روپے بڑھ گئی۔ منفی رجحانات کے باعث کاروبار کے پہلے سیشن میں مندی رہی جس سے ایک موقع پر 2724 پوائنٹس کی مندی سے انڈیکس کی 1لاکھ 67ہزار پوائنٹس کی سطح بھی گرگئی تھی، تاہم خام تیل کی عالمی قیمتوں میں دوبارہ کمی واقع ہونے سے دوسرے سیشن میں اچھے تاثرات کے باعث شعبہ جاتی بنیادوں پر تازہ سرمایہ کاری سے مندی کے اثرات زائل ہوگئے جس سے ایک موقع پر 1899 پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی لیکن اختتامی لمحات میں اپ سائیڈ پرافٹ ٹیکنگ سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 1646پوائنٹس کے اضافے سے 170511پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 592پوائنٹس کے اضافے سے 50839 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 908پوائنٹس کے اضافے سے 103203 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم 9.35فیصد زائد رہا۔گزشتہ روز 68کروڑ 74 لاکھ 66ہزار 978 حصص کے سودے ہوئے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments