روئی کے بھاؤ میں اضافہ، اسپاٹ ریٹ 600روپے بڑھ گیا
منڈی میں قیمت 19400روپے من، توانائی ٹیکسٹائل صنعت کیلئے بڑی پریشانی
کراچی (این این آئی )مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے ٹیکسٹائل ملز کی جانب سے روئی کی خریداری میں دلچسپی، پھٹی کی قیمت میں اضافے اور رسد میں نسبتاً کمی کے باعث روئی کے بھاؤ میں اضافے کے بعد استحکام رہا، جبکہ عالمی منڈی میں بھی نیویارک کاٹن کے نرخوں میں اضافے کا رجحان برقرار ہے ۔کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے روئی کے اسپاٹ ریٹ میں 600 روپے فی من اضافہ کرکے نرخ 19 ہزار 400 روپے فی من مقرر کیا۔ کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چیئرمین نسیم عثمان کے مطابق بین الاقوامی کاٹن مارکیٹ میں بھی قیمتوں میں اضافے کا رجحان ہے ۔انہوں نے بتایا کہ نیویارک کاٹن کے وعدے کے بھاؤ میں اتار چڑھاؤ کے بعد قیمت 82.38 سے 89 امریکی سینٹ فی پاؤنڈ کے درمیان رہی۔ امریکی محکمہ زراعت کی ہفتہ وار برآمدی فروخت رپورٹ کے مطابق 2026-27 کیلئے 73 ہزار 900 گانٹھوں کی فروخت ہوئی، جس میں پاکستان 19 ہزار 400 گانٹھیں خرید کر سرفہرست رہا، ویتنام 17 ہزار 500 اور میکسیکو 11 ہزار 900 گانٹھوں کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے ۔2027-28 کیلئے 2 ہزار 500 گانٹھوں کی فروخت ہوئی، جو میکسیکو نے خریدیں۔ رپورٹ کے مطابق 1 لاکھ 77 ہزار 800 گانٹھیں برآمد کی گئیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments