ڈیجیٹل ادائیگیاں تیز، ریٹیل ٹرانزیکشنز 58 فیصد بڑھ گئیں

ڈیجیٹل ادائیگیاں تیز، ریٹیل ٹرانزیکشنز 58 فیصد بڑھ گئیں

مالی سال 2025-26میں ریٹیل ادائیگیوں کی مالیت 673کھرب رہی موبائل ٹرانزیکشنز میں 79فیصد ریکارڈ اضافہ ہوا،اسٹیٹ بینک کی رپورٹ

کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹیٹ بینک نے سالانہ پیمنٹ سسٹمز ریویو رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے اور مالی سال 2025-26 کے دوران ریٹیل ادائیگیوں کے حجم میں سالانہ 58 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق مالی سال 2025-26میں ریٹیل ادائیگیوں کی مجموعی مالیت 673 کھرب روپے رہی جبکہ رسمی بینکنگ چینلز کے ذریعے 14.3 ارب ریٹیل ٹرانزیکشنز ہوئیںجن میں سے 13.2ارب ٹرانزیکشنز ڈیجیٹل چینلز کے ذریعے کی گئیں۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق مجموعی ریٹیل ادائیگیوں میں ڈیجیٹل چینلز کا حصہ 92 فیصد تک پہنچ گیا جبکہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے حجم میں سالانہ 65 فیصد اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق موبائل فون پر مبنی ادائیگیوں کی تعداد 11.1 ارب سے تجاوز کرگئی اور موبائل فون کے ذریعے ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز میں 79 فیصد اضافہ ہوا۔ انٹرنیٹ بینکنگ کے ذریعے 30کروڑ ٹرانزیکشنز ہوئیں جن میں سالانہ 15 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پی او ایس ٹرمینلز کی تعداد بڑھ کر 3لاکھ 37ہزار791ہوگئی جو 2لاکھ95 ہزار 367مرچنٹ مقامات پر نصب ہیں جبکہ پی او ایس کے ذریعے روزانہ تقریباً 15لاکھ کارڈ ادائیگیاں ہونے لگی ہیں۔بینکنگ چینلز سے ای کامرس ادائیگیوں میں اکاؤنٹ ادائیگیوں کا حصہ 96 فیصد رہا ۔ برانچ لیس بینکنگ موبائل ایپ صارفین کی تعداد 9 کروڑ 91 لاکھ جبکہ بینکوں کی موبائل ایپ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 3 کروڑ 4 لاکھ تک پہنچ گئی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...