اسٹاک ایکسچینج:کاروباری ہفتے کا منفی آغاز،52ارب خسارہ
453.63پوائنٹس کی کمی سے 100انڈیکس 165966پر بند ہوا کاروباری حجم 6.5فیصد کم رہا ،60.52فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں
کراچی(بزنس رپورٹر)عالمی کشیدگی کی وجہ سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کاروباری ہفتے کے پہلے روز سے ہی مندی کی زد میں رہی، دوران ٹریڈنگ 100 انڈیکس کی 1لاکھ 66ہزار پوائنٹس کی سطح بھی گرگئی۔ مندی کے سبب 60.52فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے 52ارب روپے سے زائد ڈوب گئے ، تاہم ایک موقع پر 278پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی لیکن پرافٹ ٹیکنگ کے رحجان سے مزکورہ تیزی زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی جس سے ایک موقع پر 501پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر مستحکم کمپنیوں کے حصص کی خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی کی شدت میں کمی واقع ہوئی۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 453.63پوائنٹس کی کمی سے 165966.09 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، کے ایس ای 30انڈیکس 112.91 پوائنٹس کی کمی سے 49203.74 پوائنٹس، کے ایس ای آل شئیر انڈیکس 222.88پوائنٹس کی کمی سے 100649.04پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 619.69پوائنٹس کی کمی سے 239287.91 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت 6.5فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 37کروڑ 09 لاکھ 41ہزار 432 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 499 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 163 کمپنیوں کے بھاو میں اضافہ 302کمپنئوں کے داموں میں کمی اور 34 کمپنئوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments