جے ایس بینک کے منافع میں 67فیصد سالانہ اضافہ
فی حصص آمدنی 2.10روپے رہی، ڈپازٹس 598.123ارب ہوگئے
کراچی(بزنس ڈیسک)جے ایس بینک لمیٹڈ نے 30 ستمبر 2026 کو ختم ہونے والے نو ماہ کے مالیاتی نتائج کا اعلان کردیا۔ بینک نے قبل از ٹیکس منافع 8.932 ارب روپے رپورٹ کیا جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے 5.665 ارب روپے کے مقابلے میں 58 فیصد زیادہ ہے ۔ بعد از ٹیکس منافع 2.569 ارب روپے سے بڑھ کر 4.300 ارب روپے ہوگیا جس میں 67 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے نتیجے میں فی حصص آمدنی بھی 1.25 روپے سے بڑھ کر 2.10 روپے ہوگئی۔جے ایس بینک کے اثاثوں میں اضافہ جاری رہا اور ان کی مجموعی مالیت دسمبر 2025 کے اختتام پر 655.636 ارب روپے کے مقابلے میں 12 فیصد اضافے کے ساتھ 733.719 ارب روپے ہوگئی۔ بینک کے مجموعی ڈپازٹس میں بھی 10 فیصد اضافہ ہوا اور یہ دسمبر 2025 کے 543.502 ارب روپے سے بڑھ کر 598.123 ارب روپے ہوگئے ۔ اس اضافے میں کم لاگت والے ڈپازٹس پر توجہ نے اہم کردار ادا کیا۔ غیر منافع بخش ڈپازٹس کا تناسب دسمبر 2025 کے 40.87 فیصد سے بڑھ کر 43.35 فیصد ہوگیا، جس سے مارکیٹ کے بدلتے حالات میں بینک کی بنیادی آمدنی کو برقرار رکھنے میں مدد ملی۔بینک کی آپریشنل کارکردگی میں متنوع ذرائع آمدن نے بھی کردار ادا کیا۔ فیس سے حاصل ہونے والی آمدنی میں 4.34 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 3.828 ارب روپے تک پہنچ گئی۔ جے ایس بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسرباصر شمسی نے کہا کہ نو ماہ کے دوران ہماری کارکردگی جے ایس بینک کی مالی پوزیشن کو مزید مستحکم کرنے اور بنیادی کاروبار کو وسعت دینے میں ہونے والی پیش رفت کی عکاسی کرتی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments