قرآن فہمی کیلئے مطالعہ سیرت ناگزیرہے ،ڈاکٹر اسحق قریشی

قرآن فہمی کیلئے مطالعہ سیرت ناگزیرہے ،ڈاکٹر اسحق قریشی

صدارتی ایوارڈ یافتہ سکالر پروفیسر ڈاکٹر محمد اسحق قریشی‘ بنگلہ دیشی سکالر پروفیسر ڈاکٹر نجم الحق ندوی‘ وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی‘ ترک سکالر معمرانا نور ‘ ڈاکٹر ہمایوں عباس و دیگر مقررین سیمینار سے خطاب کر رہے ہیںجی سی یونیورسٹی میں انٹرنیشنل قرآن سیمینارکا انعقاد‘ڈاکٹر نجم الحق ندوی کا خصوصی لیکچروائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی کی قرآنی تعلیمات پر عمل کی تاکید،ڈاکٹر ہمایوں کا اظہار تشکر

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)قرآن ہماری زندگی کا جزو ہونا چاہیے ، قوموں کے عروج و زوال کو قرآنی تعلیمات سے منسوب کیا گیا ہے ۔ آج قرآن فہمی اور اس پر عمل ہمارے مسائل کا حل ہے ۔ ان خیالات کا اظہاروائس چانسلر جی سی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے یونیورسٹی کے شعبہ علوم اسلامیہ و عربی کے زیر اہتمام علامہ اقبال ہال میں انٹرنیشنل قرآن سیمینارسے کیا۔ مہمان خصوصی ڈائریکٹر نعت اکیڈمی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر محمد اسحاق قریشی تھے ۔ بنگلہ دیش سے آئے ہوئے معروف سکالرپروفیسر ڈاکٹر نجم الحق ندوی نے ‘‘برصغیر میں مطالعہ قرآن کی جہات اور عصری تقاضے ’’کے موضوع پر خصوصی لیکچر دیا۔ پروفیسر ڈاکٹرنجم الحق ندوی نے قرآن کریم کے ترجمہ کے ضروری عناصر و دلائل پر روشنی ڈالی ۔انہوں نے کہا کہ صرف ترجمہ سے قرآن کا مکمل فہم حاصل کرنا ممکن نہیں بلکہ عرب کے قبائل سے آگاہی ، عرب کی ثقافت اور جغرافیہ سے واقفیت بھی ضروری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بنگالی زبان میں قرآن کریم کا براہ راست کوئی ترجمہ نہیں بلکہ یہ دوسری زبانوں سے بنگالی میں منتقل ہوئے ۔ انہوں نے شعبہ علوم اسلامیہ و عربی میں علوم القرآن پر ہونے والے کا م کو سراہا۔ مزید برآں ترک سکالر معمر انانور نے بھی سیمینار میں شرکت کی اور ترکی میں قرآن سے وابستگی پر روشنی ڈالی ۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر محمد اسحاق قریشی نے مطالعہ قرآن کی اہمیت واضح کرتے ہوئے کہا کہ قرآن فہمی کے لئے مطالعہ سیرت ناگزیر ہے اس لئے کہ قرآن جس ذات پر نازل ہوا اُس کے بغیر قرآن کو سمجھنا ممکن نہیں ۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی نے سیمینا ر کے موضوع کو بنیادی اہمیت کا حامل قرار دیا اور مطالعہ قرآن کے حوالے سے قرآن کے صحیح ترجمے کی اہمیت پر روشنی ڈالی ، آخر میں ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ اورئنٹل لرننگ ڈاکٹر ہمایوں عباس نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں