ریڈلائن منصوبہ،اگست تک مکس لینز مکمل ہوجائیگی،سینئروزیر
کراچی سب سے مصروف شہر ، ترقیاتی منصوبوں پر کام زیادہ مشکل ہے ،شرجیل میمن کراچی پورٹ تا جام صادق پل بالائی گزرگاہ کا منصوبہ بھی زیر غور ،میڈیا سے گفتگو
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی روڈ پر ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے اور اگست تک مکس ٹریفک لینز مکمل کر لیں گے ۔ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ پر سب سے بڑا مسئلہ مکس ٹریفک کا ہے ، جس کے حل کے لیے 24 گھنٹے کام جاری ہے جبکہ یوٹیلیٹی لائنز کی منتقلی بھی تیزی سے کی جا رہی ہے ۔کراچی ملک کا سب سے مصروف شہر ہے ، یہاں ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنا دیگر شہروں کی نسبت زیادہ مشکل ہوتا ہے کیونکہ سڑکوں کے نیچے پانی، سوئی گیس اور آپٹیکل فائبر کی لائنیں منتقل کرنے میں وقت لگتا ہے ۔ واٹر بورڈ کی ایک لائن کی منتقلی میں چار روز لگے ۔شرجیل میمن نے بتایا کہ مکس ٹریفک لینز اگست تک مکمل کر لیے جائیں گے جبکہ 23 مئی کو شاہراہ بھٹو کا افتتاح بھی کر دیا جائے گا، جس سے شہریوں کے سفر کا وقت ایک گھنٹہ کم ہو جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی پورٹ سے جام صادق پل تک بالائی گزرگاہ تعمیر کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے ۔شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کی مکمل توجہ میگا پراجیکٹس پر مرکوز ہے اور یہ منصوبے آج کے لیے نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بنائے جا رہے ہیں۔ آئندہ ماہ پاکستان کی پہلی سرکاری ٹیکسی اسکیم بھی شروع کی جائے گی۔