رکن قومی اسمبلی اسفن یار بھنڈارا کا گردوارہ ساراگڑھی سنگھ سبھا کا دورہ
مستحق خاندانوں میں راشن، بزرگوں کیلئے وہیل چیئرز اور بیواؤں میں مالی امداد تقسیم کی
اسلام آباد (دنیا رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی اسفن یار بھنڈارا نے گزشتہ روز ہنگو میں تاریخی گردوارہ ساراگڑھی سنگھ سبھا کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مستحق خاندانوں میں راشن، بزرگ افراد کیلئے وہیل چیئرز اور مالی مشکلات کا شکار بیواؤں میں مالی امداد تقسیم کی۔ گردوارے کی فلاحی و سماجی سرگرمیوں کیلئے عطیہ بھی پیش کیا، اسفن یار بھنڈارا نے بین المذاہب ہم آہنگی، اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور مذہبی پس منظر سے بالاتر ہو کر تمام پاکستانیوں کے مساوی حقوق کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجود اقلیتی مذاہب کے مختلف رنگ ہی ملک کو خوبصورت اور پْررونق بناتے ہیں، نے مردان، کوہاٹ، ایبٹ آباد اور دیگر اضلاع سے آئے ہوئے اقلیتی نوجوانوں کو بھی سراہا، بالمیک مندر اور سینٹ جیمز چرچ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مقامی برادریوں کے افراد سے ملاقات کی اور تمام مذاہب کے درمیان اتحاد، رواداری اور باہمی احترام کی ضرورت پر زور دیا۔