انسداد پولیو مہم شروع،کوٹ ادو میں 2لاکھ 57ہزار بچے ہدف
1111ٹیمیں گھر گھر جا کر پولیو ویکسین پلائیں گی، سکیورٹی و انتظامات مکمل
کوٹ ادو(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ضلع کوٹ ادو میں بھی 4 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے جو 21مئی تک جاری رہے گی۔ محکمہ صحت کے مطابق ضلع میں مہم کے دوران 5 سال تک کی عمر کے 2لاکھ 57ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔محکمہ صحت حکام کے مطابق مہم کیلئے ضلع بھر میں 1111ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 1059 موبائل ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین پلائیں گی، 29فکسڈ ٹیمیں ہسپتالوں اور مستقل مراکز پر جبکہ 22 ٹرانزٹ ٹیمیں بس اڈوں اور داخلی و خارجی راستوں پر خدمات انجام دیں گی۔
حکام نے کہا کہ کسی بھی بچے کو قطرے پلانے سے محروم نہیں رہنے دیا جائے گا اور تمام ٹیمیں مائیکرو پلان کے مطابق کام کریں گی۔والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلائیں تاکہ انہیں عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھا جا سکے ۔ مہم کی نگرانی کیلئے محکمہ صحت کے افسران فیلڈ وزٹ کریں گے جبکہ سکیورٹی اور دیگر انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔