دودھ میں ملاوٹ کرنے پر ’’ملک سنٹر‘‘ سیل ، مل سے ذخیرہ گندم کی3200 بوریاں برآمد

 دودھ میں ملاوٹ کرنے پر ’’ملک سنٹر‘‘ سیل ، مل سے ذخیرہ گندم کی3200 بوریاں برآمد

بورے والاکے علاقہ پنڈ جٹیرہ کے ملک سنٹر سے لئے دودھ کے نمونوں میں مضرِ صحت کیمیکلز کی آمیزش ثابت ،فوڈ انسپکٹر کے استغاثہ پر گند م ذخیرہ کرنے پرتھانہ سٹی جلالپور میں مقدمہ درج کرلیاگیا

ملتان (لیڈی رپورٹر ،کرائم رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایات پر ملاوٹ مافیا کے خلاف جاری مہم کے دوران ضلع وہاڑی کے علاقے بوریوالا میں کارروائی کرتے ہوئے فوڈ سیفٹی ٹیم نے پنڈ جٹیرہ میں قائم ایک ملک کولیکشن سنٹر سیل کر دیا جبکہ مالک کے خلاف مقدمہ بھی درج کرا دیا گیا،دوسری طرف سٹی جلال پور کی ایک مل میں ذخیرہ کی گئی گندم کی 3200بوریاں برآمد کرکے مقدمہ درج کروادیاگیا ۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق ملک سنٹر سے حاصل کئے گئے دودھ کے نمونوں کی موبائل لیبارٹری ٹیسٹنگ میں دودھ میں فیٹ اور قدرتی غذائیت کی کمی جبکہ پانی اور مضرِ صحت کیمیکلز کی آمیزش ثابت ہوئی۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے کہا کہ دودھ میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کو خالص غذا کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوڈ اتھارٹی ہیلپ لائن 1223 پر دینے کی اپیل بھی کی۔دوسری جانب پولیس سٹی جلالپور نے گندم ذخیرہ کرنے کے الزام میں ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ فوڈ افسر کی جانب سے دئیے گئے استغاثے کے مطابق ملزم خلیل نے اپنی مل میں گندم کی 3200 بوریاں ذخیرہ کر رکھی تھیں، جس پر قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں