ریڈ زون سمیت اہم تنصیبات کی سکیورٹی بہتر کی جائے، آئی جی
اہم قومی و بین الاقوامی شخصیات کی نقل و حرکت کے دوران کیے جانیوالے انتظامات کا جائزہ
اسلام آباد (این این آئی) آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے ڈی آئی جی سکیورٹی رانا عمر فاروق سے میٹنگ میں وفاقی دارالحکومت میں مجموعی سکیورٹی صورتحال، اہم تنصیبات کی حفاظت، ریڈ زون ڈیوٹی مینجمنٹ اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ آئی جی نے میٹنگ کے دوران سکیورٹی ڈویژن کی مجموعی کارکردگی، موجودہ سکیورٹی چیلنجز، اہم قومی و بین الاقوامی شخصیات کی نقل و حرکت کے دوران کیے جانے والے انتظامات اور مختلف اہم مواقع پر اپنائی جانے والی حکمت عملی کا تفصیلی معائنہ کیا۔
آئی جی نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ، وفاقی دارالحکومت کے امن و استحکام اور حساس مقامات کی حفاظت کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے، انہوں نے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریڈ زون، اہم سرکاری تنصیبات، سفارتی مراکز اور عوامی مقامات کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔