لودھراں :قربانی جانوروں کیلئے 3عارضی سیل پوائنٹس منظور
عیدالاضحی سے 10روز قبل مراکز فعال، خریدوفروخت مقررہ مقامات پر ہوگی
لودھراں(سٹی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوامی سہولت کیلئے قربانی کے جانوروں کی خریدوفروخت کیلئے ضلع بھر میں 3عارضی سیل پوائنٹس کی باقاعدہ منظوری دیدی ہے ۔ انتظامیہ کے مطابق لودھراں میں عارضی سیل پوائنٹ اولڈ میونسپل سٹیڈیم، کہروڑپکا میں عدنان پٹرولیم سروسز گراؤنڈ جبکہ دنیاپور میں خانیوال روڈ نزد جنرل بس سٹینڈ قائم کیا جائے گا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ تمام سیل پوائنٹس عیدالاضحیٰ سے 10روز قبل فعال کر دیئے جائینگے تاکہ شہریوں کو خریدوفروخت میں سہولت فراہم کی جا سکے۔
لودھراں اور کہروڑپکا میں قائم عارضی سیل پوائنٹس کی نگرانی متعلقہ میونسپل کمیٹیاں کریں گی جبکہ دنیاپور میں کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی انتظامات کو یقینی بنائے گی۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ہدایت کی ہے کہ قربانی کے جانوروں کی تمام تر خریدوفروخت صرف انہی مختص سیل پوائنٹس پر کی جائے تاکہ ٹریفک مسائل، صفائی اور سکیورٹی کے امور کو بہتر انداز میں منظم رکھا جا سکے ۔