سپورٹس کمپلیکس میں مزید ترقیاتی اقدامات کئے جائینگے : کمشنر
دورہ پرسہولیات کاجائزہ ، ڈی ایم سی سب کیمپس کی تعمیر بروقت کرنیکی ہدایت
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد ڈویژن مسرت جبیں نے ایف ڈی اے سٹی میں قائم سپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا۔ ڈی جی ایف آصف چوہدری ہمراہ تھے جبکہ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آصف چوہان، چیف انجینئر ایف ڈی اے مہر ایوب، ڈائریکٹر سٹیٹ مینجمنٹ سہیل مقصود، منیجر سپورٹس کمپلیکس رضوانہ کمال اور دیگر متعلقہ افسر بھی موجود تھے ۔ کمشنر نے جمنیزیم، بیڈمنٹن کورٹ،سوئمنگ پولز،ٹیبل ٹینس، لان ٹینس، باسکٹ بال، سکواش اور پیڈل ٹینس کورٹس سمیت انڈور کھیلوں کی سہولیات کا جائزہ لیا اورکہا شہر کے اس حصے میں کمیونٹی کلب کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر مجوزہ ماسٹر پلاننگ کے مطابق مزید ترقیاتی اقدامات کئے جائینگے۔
ڈی جی ایف ڈی اے نے بریفنگ میں بتایا کہ سپورٹس کمپلیکس کی توسیع وترقی کیلئے ماسٹر پلاننگ بھی کی گئی ہے جس میں کئی دیگر کھیلوں سمیت انٹرٹینمنٹ کے منصوبوں میں اضافہ کی سکیمیں تجویز کی گئی ہیں۔ بعد ازاں کمشنر نے ایف ڈی اے سٹی میں ڈویژنل ماڈل کالج کے سب کیمپس کی زیر تعمیر عمارت کا بھی معائنہ کیااورتعمیراتی کام کی رفتار تیز کرنے ، منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے اور اعلیٰ تعمیراتی معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اس موقع پر پرنسپل ڈویژنل ماڈل کالج مرزا یاسین اور دیگر افسر موجود تھے ۔چیف انجینئر نے منصوبے کی تعمیراتی پیشرفت پربریفنگ دی۔