سول ہسپتال : کڈنی سنٹر میں ایئر کنڈیشنرز بند، مریض ، لواحقین اذیت سے دو چار

سول ہسپتال : کڈنی سنٹر میں ایئر کنڈیشنرز بند، مریض ، لواحقین اذیت سے دو چار

سخت گرمی کی وجہ سے طبی عملے کو بھی شدید مشکلات کا سامنا،پنکھے بھی خراب،اعلیٰ حکام ایکشن لیں:شہری جلد ہی نیا ٹرانسفارمر لگ جائے گا جس کے بعد ایئر کنڈیشنرز چل جائیں گے،فوکل پرسن سول ہسپتال ڈاکٹر اسحاق

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)سول ہسپتال کے کڈنی سنٹر میں سخت گرمی کے باوجود ایئر کنڈیشنرز بند ، ڈائیلسز کروانے آئے مریض اور انکے لواحقین اذیت ناک صورتحال سے دوچار ۔ تفصیل کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال فیصل آباد میں طبی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، ذرائع کے مطابق کڈنی سنٹرمیں روزانہ 100 کے قریب مریضوں کے ڈائیلسز کئے جاتے ہیں جہاں پر ایک طرف سخت گرمی اور دوسری طرف مشینوں کی ہیٹ کی وجہ سے موسم انتہائی سخت اور حبس ہوجاتا ہے جبکہ ہسپتال انتظامیہ کی غلطی سے کڈنی سنٹر کے ایئر کنڈیشنرز بند پڑے ہیں جس سے مریضوں اور انکے لواحقین کے پسینے نکل جاتے ہیں اس کے علاوہ سخت گرمی کی وجہ سے طبی عملے کو بھی شدید مشکلات کا سامنا رہتا ہے ، ذرائع کے مطابق ایئرکنڈیشنرز بند ہونے کے ساتھ ساتھ کئی پنکھے بھی خراب ہیں جس کی وجہ سے مریض گرمی سے نڈھال ہوجاتے ہی ، شہریوں کا کہنا ہے رمضان کے مہینے میں روزہ داروں کو ہسپتال میں پریشانی کاسامنا کرنا پڑتا ہے ،ہسپتال انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ،اعلیٰ حکام اس حوالے سے ایکشن لیں ۔ فوکل پرسن سول ہسپتال ڈاکٹر اسحاق نے اس حوالے سے موقف اختیارکیا کہ کڈنی سنٹر کا ٹرانسفارمر اس قابل نہیں ہے کہ ایئرکنڈیشنرز کا لوڈ برداشت کرے انہوں نے کہا جلد ہی نیا ٹرانسفارمر لگ جائے گا جس کے بعد ایئر کنڈیشنرز چل جائینگے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں