چیئرمین فیڈمک کی چینی صنعتکاروں کے وفود سے ملاقات

چیئرمین فیڈمک کی چینی صنعتکاروں کے وفود سے ملاقات

پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح،ظفراقبال

فیصل آباد(نیوزرپورٹر)پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔بیرونی سرمایہ کاروں میں اعتماد اور تحفظ کی فضا برقرار رکھنے کیلئے حکومتی کاوشیں ثمر آور ثابت ہورہی ہیں۔علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی، ویلیو ایڈڈ سٹی اور ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں تمام غیر ملکی کمپنیوں کے تحفظات کا بھرپور ازالہ کیا جائیگا۔ ان خیالات کااظہار چیئرمین فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک)ظفر اقبال سرور نے چینی صنعتکاروں کے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیاجس میں مختلف چینی کمپنیوں کے نمائندے شامل تھے ۔ اس موقع پر چیئرمین فیڈمک ظفر اقبال سرور نے بتایا مذکورہ انڈسٹریل سٹی میں بجلی، سوئی گیس اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے وفاقی اور پنجاب حکومت سنجیدہ اقدامات کررہی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئینگے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں سرمایہ کاری کرنیوالی چینی کمپنیوں کی تمام تر شکایات اور تحفظات کا زالہ کیا جائیگا اور اس ضمن میں سکیورٹی سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائیگی۔میٹنگ میں چینی کمپنیوں سے تعلق رکھنے والے وفد نے درپیش مسائل کا ذکر کیا جس پر چیئرمین فیڈمک ظفر اقبال سرور نے انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی مکمل یقین دہانی کروائی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں