ڈیوٹیاں احساس بازار میں لگنے پراساتذہ کااحتجاج کاعندیہ

ڈیوٹیاں احساس بازار میں لگنے پراساتذہ کااحتجاج کاعندیہ

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)سکول ٹیچراحساس سنٹرمیں ڈیوٹی کریں گے توسکولوں میں کون پڑھائے گا۔ اساتذہ نے جلد فیصلہ واپس نہ لینے پر احتجاج کا عندیہ دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے مستحق افراد کو جرسیوں سمیت گرم ملبوسات تقسیم کرنے کیلئے احساس بازار لگایا ہے ۔ احساس بازار میں بھی ڈیوٹی کیلئے اساتذہ یاد آئے ۔ اساتذہ کی احساس بازار ڈیوٹیوں پر آٹی ٹی ٹیچرز نے اعتراض کیا تھا کچھ ٹیچرز کی جگہ کلیریکل سٹاف کی بھی ڈیوٹیاں لگا دیں لیکن ابھی بھی کچھ اساتذہ احساس بازار میں ڈیوٹیاں دے رہے ہیں۔ ڈیوٹی پر تعینات سکول ٹیچرز کا کہنا تھا کہ وہ سکول میں بچوں کو مختلف مضامین پڑھاتے ہیں لیکن انہیں نہیں معلوم کہ سکول میں اس کی جگہ کوئی ٹیچر بچوں کو پڑھا رہا یا نہیں لیکن حکومت کی طرف سے ان کی ڈیوٹی احساس بازار میں لگائی گئی ہے ۔

اسسٹنٹ کمشنر صاحبزادہ یوسف کا کہنا تھا کہ ہم نے محکمہ تعلیم سے کمپیوٹر انٹری کیلئے سٹاف کی ڈیمانڈ کی تھی ہماری وجہ سے کسی سکول میں تعلیم متاثر نہیں ہورہی۔ سٹاف کی ڈیوٹیاں سی ای او ایجوکیشن آفس کی طرف سے لگائی گئی ہیں۔ اساتذہ کا کہنا تھا کہ جلد انہیں انکی ڈیوٹیوں پر واپس بھجوا دیا جائے وگرنہ وہ محکمہ تعلیم اور انتظامیہ کے خلاف احتجاج کی کال دے دیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں