ٹوٹے جنگلے، خستہ عمارت، چک جھمرہ ریلوے سٹیشن بھوت بنگلے میں تبدیل

ٹوٹے جنگلے، خستہ عمارت، چک جھمرہ ریلوے سٹیشن بھوت بنگلے میں تبدیل

چک جھمرہ (نامہ نگار )چک جھمرہ کا تاریخی ریلوے سٹیشن محکمہ ریلوے کی غفلت اور عملہ کی بے حسی کی وجہ سے خستہ حالی کا شکار ہونے لگا۔

جگہ جگہ سے ٹوٹے ہوئے حفاظتی جنگلے اور کھنڈرات میں تبدیل ہونیوالے پبلک واش رومز انتظامیہ کی لاپروائی کا نوحہ بیان کررہے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق گریٹ انڈین جزیرہ نما ریلوے کے نام سے 1896 میں معرض وجود میں آنیوالا تحصیل چک جھمرہ کا ریلوے سٹیشن جو انگریز سرکار کی معیشت میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے اب زبوں حالی کا شکار دکھائی دیتاہے ریلوے سٹیشن کی عمارت ٹوٹ پھوٹ رہی ہے یہاں تک مرد اور خواتین کیلئے بنایا جانیوالا واش رومز بلاک بھوت بنگلے کی شکل اختیار کرگیا ہے۔

واش رومز میں خود رو جھاڑیوں اور کوڑا کرکٹ کی بہتات ہے جبکہ مسافر خواتین قریبی مسجد کے واش رومز استعمال کرنے پر مجبور ہیں ریلوے سٹیشن پر آوارہ کتوں نے ڈھیرے ڈال رکھے ہیں اسی طرح سٹیشن کی حد بندی اور حفاظت کیلئے لگائے جانیوالے لوہے کے جنگلے اپنی جگہ سے غائب ہوچکے ہیں جبکہ ریلوے سٹیشن کی حدود میں سے بہت سا قیمتی لوہا بھی مبینہ طور پر خورد برد کردیا گیا ہے ۔اہل علاقہ کے مطابق چک جھمرہ انتظامیہ کو چاہیے کہ محکمہ ریلوے کی توجہ اس تاریخی سٹیشن کی جانب مبذول کروائے تاکہ اپنی افادیت کھوتا ہوا چک جھمرہ ریلوے سٹیشن دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا ہو سکے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں