ایگل سکواڈ غیر فعال ، گشت نہ ہونے سے وارداتوں میں اضافہ

ایگل  سکواڈ  غیر فعال ، گشت  نہ ہونے  سے  وارداتوں  میں اضافہ

فیصل آباد(عبدالباسط سے)تھانہ جات اور چوکیوں کے علاقوں میں پولیس کے ایگل سکواڈ غیر فعال ہونے کا انکشاف،فیول ایڈجسٹمنٹ مد میں ماہانہ بھاری فنڈز جاری ہونے کے باوجود بھی ایگل سکوا ڈ کی ٹیمیں گشت پر مامور نہ ہونے سے ڈکیتی، چوری، راہزنی، منشیات فروشی، جواء سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ ۔

 فیصل آباد ضلع بھر میں ڈکیتی، چوری، راہزنی، منشیات فروشی، جواء سمیت دیگر سنگین جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر قابو پانے کیلئے پولیس کی موبائل گشت، ڈولفن اور ایلیٹ فورس کے ساتھ ساتھ ایگل سکواڈ کا قیام بھی عمل میں لایا گیا تھا۔ ہر تھانے کی حدود میں 10 سے 12 موٹرسائیکلوں پر مشتمل ایگل ٹیمیں جبکہ چوکیوں کے علاقوں میں 2سے 4 موٹرسائیکلوں پر مشتمل ایگل ٹیمیں تعینات کی گئی تھیں تاکہ تنگ گلیوں، محلوں اور بازاروں میں پولیس پٹرولنگ کو بہتر بناتے ہوئے کرائم فائٹنگ کو بہتر بنایا جاسکے لیکن بدقسمتی تھانہ جات کی سطح پر ہر ماہ موٹرسائیکلوں کے فیول فنڈز کی صورت میں بھاری بجٹ اور فنڈز جاری ہونے کے باوجود متعدد تھانوں اور چوکیوں کی ایگل سکواڈ غیر فعال ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی تھانے کی تمام ایگل سکواڈغیر فعال ہیں تو کسی میں چند ایک موٹرسائیکلیں فعال کرکے حکام کو سب اچھا ہے کی رپورٹس ارسال کردی جاتی ہیں جبکہ تھانہ جات اور چوکیوں کے محرران کی جانب سے ایگل سکواڈکو فعال کرنے کی بجائے فیول کی مد میں جاری ہونے والے فنڈز میں بھی مبینہ بے ضابطگیاں کرنے کا انکشاف ہوا ہے ۔ شہریوں کی جانب سے بڑھتی ہوئی جرائم کی وارداتوں کے حوالے سے متعدد بار شکایات کے اندراج کے باوجود بھی پولیس حکام گشت کے نظام کو موثر بنانے اور جرائم کی وارداتوں کو کنٹرول کرنے میں غیر سنجیدہ دکھائی دیتے ہیں۔ تاہم معاملے پر سٹی پولیس آفیسر خالد محمود ہمدانی کا کہنا ہے کہ پٹرولنگ اورجرائم کی وارداتوں کی روک تھام کے حوالے سے فیصل آباد پولیس ہمہ وقت مصروف ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں