مفت آٹا ترسیل،مسائل برقرار:پرانے شناختی کارڈز والے سہولت سے محروم

مفت آٹا ترسیل،مسائل برقرار:پرانے شناختی کارڈز والے سہولت سے محروم

فیصل آباد(جنرل رپورٹر)مفت آٹے کی ترسیل سے جڑے مسائل کا خاتمہ نہ ہوسکا ضلعی انتظامیہ چیف سیکرٹری پنجاب کے احکامات پر عملدرآمد کرانے۔۔

میں ناکام مفت آٹا کے ترسیلی پوائنٹس پر گزٹیڈ آفیسر تعینات نہ کیے جاسکے ۔چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے کمشنر سلوت سعید اور ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر کو مفت آٹا ترسیل سے جڑے مسائل ختم کرنے کے واضح احکامات دیتے ہدایت کی کہ تمام پوائنٹس پر پرانے شناختی کارڈز رکھنے والے مستحق افراد کی سہولت کے لیے کم از کم گریڈ 17 کے افسر تعینات کیے جائیں ہر پوائنٹ پر گریڈ 17 کا ایک افسر موجود ہونا چاہیے جو پرانے شناختی کارڈز کے حامل خواتین و حضرات کی موقع پر تصدیق کرے اور کوئی بھی مستحق شخص مفت آٹا لئے بغیر واپس نہ جائے مگر کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی فیصل آباد میں گزشتہ روز بھی سینکڑوں افراد مفت آٹے کے حصول کے لیے آئے اور خالی ہاتھ واپس لوٹ گئے فیصل آباد کے سنٹرز پر گریڈ 17 کے افسربھی تعینات نہ کیے گئے کمشنر سلوت سعید اور ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر کی جانب سے فوٹو سیشن کے لیے مفت آٹے کے ترسیلی سنٹرز کے دورے تو کیے جاتے ہیں مگر آٹے کی ترسیل کے جڑے مسائل کا حل نہیں کیا جاتا کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کی جانب سے ترسیلی سنٹرز دورے کے دوران بھی شاہانہ پروٹوکول کا مظاہرہ کیا جاتا ہے شہریوں کو کمشنر اور ڈپٹی کمشنر تک رسائی ہی نہیں دی جاتی اگر کوئی شہری افسروں کو اپنی شکایت درج کروانا بھی چاہے تو اس کو روک لیا جاتا ہے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر خود کسی شہری کے پاس جاکر تصویر بنواتے ہیں اور باقی لوگوں کو پیچھے کردیا جاتا ہے فوٹو سیشن کے بعد ضلعی انتظامی افسر اپنی گاڑیوں میں بیٹھ کر نکل جاتے ہیں اور غریب افرادبے بسی کی تصویر بنے شاہانہ پروٹوکول والے افسروں کی جانب دیکھتے ہی رہ جاتے ہیں معاملے سے متعلق موقف لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر سے رابطہ کیا گیا تو وہ کوئی موقف نہ دے سکے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں