فیسکو بجلی بلوں کے ڈیفالٹرز سے رقوم نکلوانے میں ناکام
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی بجلی بلوں کے ڈیفالٹرز سے واجب الادا رقم نکلوانے میں ناکام ہوگئی۔ کروڑوں کے نادہندہ سرکاری اداروں نے بل ادا نہ کرنا عادت بنا لی۔
سالہا سال سے فیسکو کے نادہندہ اداروں نے بلوں کی عدم ادائیگی اور تاخیر کو معمول بنا رکھاہے ۔ ذرائع کے مطابق واسا اور میونسپل کارپوریشن حکام کے ذمہ واجب الادا رقم لاکھوں سے بڑھ کر کروڑوں روپے ہو چکی ہے تاہم فیسکو کے پاس ریکوی کا نظام نہ ہونے پر نادہندگان سے ریکوری نہ ہونے کے برابر ہے ۔ گزشتہ روز بھی فیسکو سیکنڈسرکل نے 54کروڑ سے زائد کی نادہندگی پر واسااورکارپویشن کے کنکشن منقطع کر دیئے ۔جس میں 42 کروڑکے واجبات کی عدم ادائیگی پر واسا ڈسپوزل سٹیشن اورپیپلز کالونی کے واسا دفاتر جبکہ 12 کروڑکی نادہندگی پر کارپوریشن اورسٹریٹ لائٹس کے کنکشن منقطع کردئیے گئے ۔ اس سے قبل بھی نادہندہ اداروں کے متعدد بار کنکشن منقطع کرنے کے بعد چند روز میں بحال کردیئے جاتے ہیں جسکے باعث اداروں نے بجلی بل ادا نہ کرنے کی روش اپنا لی ہے جس کا فیسکو حکام کے پاس کوئی سد باب نظر نہیں آتا۔