کارپوریشن انسپکٹرز کی ملی بھگت سے تجاوزات مافیا سرگرم عید پر کمائی کیلئے جگہ جگہ سٹال لگا لئے

کارپوریشن  انسپکٹرز کی  ملی  بھگت  سے  تجاوزات  مافیا  سرگرم  عید  پر  کمائی  کیلئے  جگہ  جگہ  سٹال  لگا لئے

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)رمضان المبارک میں میٹروپولیٹن کارپوریشن انسپکٹرز کی ملی بھگت سے تجاوزات مافیا بھی سرگرم۔عید پر کمائی کیلئے جگہ جگہ سٹال لگالئے ۔ بازاروں میں تجاوزات کی بھرمار ۔

مارکیٹس میں خریداروں کا رش بڑھا تو کارپوریشن ملازمین کی ملی بھگت سے تجاوزات مافیا نے بھی پتھاروں میں اضافہ کردیا۔ وارڈن اہلکاروں کی بھی غیر موجودگی سے ٹریفک نظام بھی درہم برہم ہونے لگا۔ تجاوزات کی کثرت اور ٹریفک اہلکاروں کی کمی پر افطار کے بعد مارکیٹس اور مارکیٹس سے ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک مسائل کی بھرمار ہو جاتی ہے ۔ ذرائع کے مطابق شہریوں نے عید کی تیاریوں کے لیے بازاروں کا رخ شروع کر دیا ہے ۔ بازاروں اور مارکیٹوں میں رش بڑھنے لگا۔ کارپوریشن ملازمین کی ملی بھگت سے تجاوزات قائم ہونے سے مارکیٹس مزید تنگ ہوگئیں۔ کارپوریشن افسران کی جانب سے تجاوزات اور پتھاروں کے خلاف کارروائیوں میں کمی پر بازاروں میں خریداروں اور دکانداروں کو مسائل کا سامنا ہے ۔ موثر ٹریفک پلان اور اہلکار نہ ہونے پرمارکیٹس کے اطراف میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہتی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کم از کم رش کے دنوں میں تو مارکیٹس کی وسعت بحال رکھنے کے اقدامات کرے ۔دوسری جانب سی او میٹروپولیٹن کارپوریشن زبیر نت کا کہنا ہے کہ عید پر اضافی سٹالز اور تجاوزات لگانے والوں کے خلاف آپریشن کے لیے سپیشل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو کارروائیاں کر رہی ہیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں