انتظامیہ مفت آٹا پوائنٹس پر مصروف،ریونیوکیسز التوا کا شکار
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)انتظامیہ کی مفت آٹا پوائنٹس پر مصروفیت سے ڈی سی سمیت ضلع بھر کے ریونیو افسروں کے پاس زیر سماعت سینکڑوں مقد مات التوا کا شکار ہو گئے۔۔
ڈسٹر کٹ کلکٹر ،ایڈیشنل کمشنر ،ایڈیشنل ڈسٹر کٹ کلکٹر ،اسسٹنٹ کمشنرز اور ضلع کے دیگر ریونیو افسروں کی عدالتوں میں سینکڑوں مقد مات طویل عرصہ سے زیر سماعت ہیں ، جن کا فیصلہ نہ ہونے سے انصاف کی امید میں کئی افراد دارفانی سے کوچ کر گئے ہیں جبکہ ماہ رمضان میں حکام نے ضلع بھر کی انتظامیہ کو مفت آٹا پوائنٹس پر ڈیوٹی اور مانیٹرنگ کی ذمہ داری سونپ دی ہے جس پر ڈی سی سمیت ریونیو افسروں اور تمام محکموں کے ملازمین کی فوج سارا دن مذکورہ پوائنٹس پر ‘‘مصروف ’’رہتی ہے ، مذکورہ افسروں کی عدالتوں اور دفاتر میں جائیداد اور دیگر مقد مات کی سماعت کیلئے آنے والے سینکڑوں سائلین تمام دن خواری کے بعد دفاتر کا ٹائم ختم ہو نے پر ناامید واپس لوٹ جاتے ہیں ۔عوامی حلقوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامی اور ریونیو افسروں کی مفت آٹا پوائنٹس پر اضافی ذمہ داریوں کو ختم کیاجائے تاکہ وہ عدالتی اوقات میں کئی سال سے زیر التو ء مقد مات کا جلد فیصلہ کر سکیں ،نیز دیگر اداروں کے افسروں کوبھی دفاتر حاضری کا پابند بنایا جائے تاکہ لوگوں کو مسائل حل ہو سکیں ۔