سکالر شپ سے محروم بچوں کا مستقبل داؤ پر لگ گیا
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)لیبر ویلفیئر بورڈ کی نااہلی کے باعث سکالر شپ سے محروم مزدوروں کے ہزاروں بچوں کا مستقبل داؤ پر لگ گیا۔۔
کالجوں اور جامعات میں فیسوں کی عدم ادائیگی پر نام خارج ہونے اور تعلیمی سال ضائع ہونے کا خدشہ سر اٹھانے لگا ہے ۔ سوشل سکیورٹی سے رجسٹریشن کے بعد پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ سے بچوں کے لیے سکالر شپس لینے کے اہل مزدوروں کی جانب سے بھیجی گئی 4200 درخواستیں التواء کا شکار ہیں جس کے تحت کالجوں اور جامعات میں پڑھنے والے مزدوروں کے بچوں کو فیسوں کی مد میں سکالر شپ فراہم کی جانا تھی تاہم فنڈز کی عدم دستیابی اور معاملات سست روی کا شکار ہونے کے باعث ہزاروں مزدوروں کے بچوں کا تعلیمی مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے ۔ لیبر قومی موومنٹ کے رہنما معراج اسلم کا کہنا ہے کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ کو اسلام آباد سے گرانٹ فراہم کی جاتی ہے بورڈ کا کام صرف مزدوروں کی درخواستوں کی سکروٹنی اور چھان بین کرنے کے بعد گرانٹس کی تقسیم تک محدود ہے تاہم اس کے باوجود افسروں کی غفلت کے باعث معاملات التوا کا شکار ہیں جس سے بچوں کے تعلیم کا حرج ہو رہا ہے ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت سسٹم کو اپ گریڈ کرکے معاملات کو ڈیجیٹل بنائے تاکہ مزدوروں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہوسکے ۔