جنرل ہسپتال سمن آباد کے توسیعی منصوبے میں ناقص میٹریل استعمال،5سال بعد بھی کام نا مکمل

جنرل ہسپتال سمن آباد کے توسیعی منصوبے میں ناقص میٹریل استعمال،5سال بعد بھی کام نا مکمل

فیصل آباد(بلال احمد سے )جنرل ہسپتال سمن آباد کے توسیعی منصوبے میں مبینہ طور پر ناقص میٹریل کا استعمال، لیبر روم اور۔۔

آپریشن تھیٹر کے باہر لگے واش سنک زنگ سے بھر گئے ۔ ہسپتال انتظامیہ نے ملبہ محکمہ بلڈنگز پر ڈال دیا۔ سمن آباد اور ملحقہ علاقوں کے ہزاروں افراد کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے 250 بیڈز پر مشتمل جنرل ہسپتال کا منصوبہ بنایا گیا جس کی توسیع کے لیے 2018 میں دوسرا بلاک مکمل کرلیا گیا۔ جو کہ 5سال گزرنے کے باوجود تاحال مکمل طور پر فعال نہ ہوسکا اور نہ ہی اسے باقاعدہ طور پر ہسپتال انتظامیہ کے حوالے کیا جا سکا۔ علاج گاہ کی نئی بلڈنگ میں نصف دہائی قبل لگایا گیا سامان بھی اب گلنے سڑنے لگا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہسپتال کی توسیع سے سمن آباد، ڈی ٹائپ کالونی، نواباں والا سمیت قریبی علاقوں کے ہزاروں مکینوں کو صحت کی سہولیات میسر آنا تھیں جو کہ انتظامیہ کی غفلت کی نذر ہوگئی ہیں۔ ایم ایس ہسپتال ڈاکٹر شہباز کا کہنا ہے کہ بلڈنگ میں سامنے آنے والے نقائص کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر کو آگاہ کردیا ہے ۔ دوسری جانب ایس ڈی او بلڈنگز سارہ قمر کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے جزوی طور پر بلڈنگ کا استعمال جاری ہے تاہم انہوں نے واش سنک میں زنگ لگنے کہ وجہ کیمیکل ملے پانی کے استعمال کو قرار دیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق محکمہ بلڈنگ کو 28مئی تک منصوبے میں سامنے آنے والے نقائص دور کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے جس کے بعد بلڈنگ کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں