مقدمات درج کرانا مشکل،سائلین تھانوں میں خوار

مقدمات  درج  کرانا  مشکل،سائلین  تھانوں  میں  خوار

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)فیصل آباد کے تھانوں میں مقدمات درج کرانا مشکل کام بن کررہ گیا،سائلین تھانوں میں خوار ہونے لگے ۔

فیصل آباد پولیس نے آئی جی پنجاب کے فوری مقدمات درج کرنے کے احکامات ہوامیں اڑادیئے ۔ذرائع کے مطابق کئی کئی دن بعد بھی مقدمات درج نہ ہونا معمول بن گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق 807  درخواستیں تھانوں میں تاحال کارروائی کی منتظر ہیں۔ فیصل آباد ،گردونواح سمیت پنجاب بھر میں بڑھتی ڈکیتی ،چوری اور سٹریٹ کرائمزکی وارداتوں پر آئی جی پنجاب نے فوری مقدمات درج کرنے کا حکم دیا تھا تاہم فیصل آباد پولیس نے حکم نظر انداز کردیا جس سے سائلین خوار ہورہے ہیں۔ سائلین کا کہنا تھا کہ فیصل آباد پولیس کی جانب سے انہیں مزید مشکلات میں دھکیلا جارہاہے ۔ انکے ساتھ کوئی واردات یا سٹریٹ کرائم ہو تو انہیں مقدمات درج کروانے کے لیے پولیس تھانوں کے دھکے کھانے پڑتے ہیں۔ درخواست درج کروانے کے بعد بارہا تھانوں کے چکر لگانے پر بھی انکے مقدمات درج نہیں کیے جاتے ۔ انکی درخواستوں پر کارروائی نہیں ہوتی اور نہ ہی انکے مقدمات میں ملوث ملزم گرفتار کیے جاتے ہیں۔سائلین نے مطالبہ کیا ہے کہ اعلیٰ پولیس افسر اس مسئلے کا حل نکالیں اور تھانوں میں ہدایات جاری کریں کہ انکی درخواستوں پر فی الفور مقدمات درج کیے جائیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں