غیر قانونی ذبح خانے انتظامیہ کی نظروں سے اوجھل،شہریوں کو مردہ جانوروں کا گوشت فروخت

غیر  قانونی  ذبح  خانے  انتظامیہ  کی نظروں  سے  اوجھل،شہریوں  کو  مردہ  جانوروں  کا  گوشت  فروخت

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)شہرمیں غیر قانونی ذبح خانے ضلعی انتظامیہ اور فوڈ اتھارٹی کی نظروں سے اوجھل۔ غیر قانونی ذبح خانوں میں مردہ ا وربیمار جانوروں کو ذبح کرکے فروخت کئے جانے کا انکشاف۔

 شہریوں کو مردہ اوربیمار جانوروں کے گوشت کی ترسیل کی جانے لگی۔ ڈی ٹائپ ، علامہ اقبال کالونی، 225ملکھانوالہ، پیپلز کالونی،رضاآباد، ستیانہ روڈ سے ملحقہ علاقوں میں غیر قانونی ذبح خانے موجود ہیں جو ضلعی انتظامیہ اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کی نظروں سے اوجھل ہو کرجانوروں کو ذبح کرکے فروخت کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہاں مردہ اور بیمار جانوروں کو ذبح کرکے گوشت فروخت کیا جاتا ہے ۔ وائرس والے جانوروں کو بھی ذبح کرکے فروخت کیا جارہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی ملازمین کی جانب سے مبینہ طور پر غیر قانونی ذبح خانے بنانے والوں سے رشوت وصول کی جاتی ہے جس کے باعث انکے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہیں کی جاتی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ان  ذبح خانوں میں بیمار اور مردہ جانوروں کو ذبح کیا جاتا ہے اور اس کے بعد مختلف دکانوں پر ترسیل کی جاتی ہے ۔ متعلقہ اداروں کو غیر قانونی  ذبح خانوں کے خلاف کئی بار درخواستیں بھی دے چکے ہیں لیکن انکے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہیں کی جاتی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتطامیہ کو چاہئے کہ متحرک ہو کر صحت دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں کریں تا کہ انہیں بیماریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں