کثیر منزلہ عمارتوں میں حفاظتی اقدامات کے فقدان کاانکشاف

 کثیر منزلہ عمارتوں میں حفاظتی اقدامات کے فقدان کاانکشاف

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ضلعی انتظامیہ، ایف ڈی اے ، میونسپل کارپوریشن، سول ڈیفنس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے کوئی انسپکشن نہ ہونے کے باعث فیصل آباد میں موجود کثیر منزلہ عمارتوں میں کوئی حفاظتی اقدامات نہیں کئے گئے ۔

تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں ضلعی انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل، یو آر او اور ایف ڈی اے کی حدود میں سینکڑوں بڑے پلازے موجود ہیں جن میں سے ستر فیصد پلازوں میں آگ بجھانے کے آلات ، ایمرجنسی ایگزٹ اور بالخصوص آگ بجھانے کے آلات موجود نہ ہونے کے باوجود نقشوں کو منظور کیا گیا، جس سے متعدد بار پلازوں میں آگ لگنے کے واقعات رپورٹ ہوئے اور شہری اپنے جانی و مالی نقصان سے بھی دوچار ہوئے ۔ ذرائع کے مطابق رواں سال مختلف بلڈنگز میں آگ لگنے کے متعدد واقعات بھی رپورٹ ہوئے جس کی بڑے وجہ اداروں کی نقشوں کی منظوری میں غفلت، سول ڈیفنس کی انسپکشن میں کمی اور پلازوں میں سیفٹی آلات موجود نہ ہونا تھا اور پلازوں میں دکانداروں کو بھی مالی نقصان اٹھانا پڑا۔جبکہ پلازوں میں لگی لفٹیں بھی غیر فعال تو متعدد پلازوں کی لفٹوں میں نہ تو لفٹ آپریٹر اور نہ ہی ایمرجنسی ٹیلیفون موجود ہے ۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بغیر حفاظتی اقدامات بلڈنگز کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے کمیٹی بھی بنائی گئی تھی لیکن کمیٹی نے بھی حسب روایت کوئی کارروائی نہ کی جس کے باعث شہریوں کو جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ سی او میونسپل کارپوریشن ذبیر وٹو کا کہنا تھا کہ بغیر حفاظتی اقدامات بلڈنگ مالکان کو نوٹس بھجوا کر کارروائی کرینگے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں