جگہ جگہ منشیات فروشی، جوئے بدکاری کے اڈے قائم

جگہ جگہ منشیات فروشی، جوئے بدکاری کے اڈے قائم

فیصل آباد (عبدالباسط سے )ضلع بھر کے تھانہ جات کے علاقوں میں منشیات فروشوں، جوئے اور بدکاری کے اڈے چلانے والے بااثر ملزموں کی جانب سے پنجے گاڑھ لئے گئے ۔ ملزموں کی جانب سے سرعام مکروہ دھندوں کو فروغ دیا جانے لگا۔

 حساس اداروں کی جانب سے جرائم کی وارداتوں میں ملوث عناصر کے نام ، ایڈریس سمیت دیگر مکمل معلومات والی فہرستیں تیار کرکے فراہم کرنے کے باوجود بھی متعلقہ پولیس کی جانب سے کارروائیاں کرنے کی بجائے خاموشی اختیار کرلی گئی۔   بااثر ملزموں سے بھاری نذرانے وصول کرتے ہوئے پولیس کی جانب سے خوف جرائم پیشہ عناصر کو مبینہ سرپرستی فراہم کرنے کا بھی انکشاف ہوا ہے  جبکہ باآسانی منشیات، جوئے ، اوربدکاری سمیت دیگر جرائم کے مواقع ملنے پر نوجوان نسل خصوصی طور پر طلباء و طالبات کا مستقبل دائو پر لگ چکا ہے ۔ذرائع کے مطابق فیصل آباد پولیس جرائم پیشہ عناصر کو لگام ڈالنے اور جرائم پیسہ عناصرکے خلاف سخت کارروائیاں کرنے میں ناکام ہے ۔ذرائع کے مطابق ضلع بھر کے تھانہ جات کی حدود میں جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے کھلے عام جوئے ، منشیات، اور بدکاری کے اڈے چلائے جانے کا انکشاف ہو اہے ۔زرائع کے مطابق حساس اداروں کی جانب سے جرائم پیسہ عناصر کے نام، ایڈریس اور دیگر معلومات سے بھرپور فہرستیں تیار کرکے پولیس کو فراہم کئے جانے کے باوجود بھی پولیس ان عناصر کے خلاف کارروائیاں عمل میں لانے میں غیر سنجیدہ دکھائی دیتی ہے ۔ ذرائع کے مطابق لائلپور ٹائون کے تھانہ غلام آبادکے علاقے فیض آباد، سدھورہ، اچکیرہ ، جواد کلب ، غلام آباد، ڈھیرہ سائیں قبرستان سمیت دیگر علاقوں میں منشیات فروشی، بدکاری، اور جوئے کے اڈے چلائے جارہے ہیں۔ تھانہ رضا آباد کے علاقے منیر آباد میں وکٹر عرف وکی اور طاہر، رضا آباد بازار نمبر1میں شیخ بلال، گلزار کالونی میں عابد منج، پروکیانوالہ میں اللہ دتہ، سرور اور اکرم، چک نمبر 219رب میں انوری بی بی اور عاشق اوڈھ، چک نمبر 218رب میں عباس اور شیر، چک نمبر 279رب میں عمر خان، بھولا مسیح اور شریف خان، چک نمبر 218رب میں بگا، شیر سنگھ والا میں ظفر، کوکیانوالہ میں عیسیٰ خان، اعظم آباد میں شہباز، رضا آباد میں عرفان، عرصہ درازسے چرس، افیون، ہیروئن، شراب، آئس اور دیگر منشیات فروشی کے مکروہ دھندے میں ملوث ہیں۔ اقبال ڈویژن میں تھانہ بٹالہ کالونی کے علاقے میں ارشاد، اسلم، افتخار، آصف، اظہر، عرفان، محبوب ، حاجی ندیم اور شاہدعرصہ دراز سے جوئے کے اڈے چلانے میں مصروف ہیں۔ تھانہ ڈی ٹائپ کالونی کے علاقوں میں اسلم، عدنان، اشرف، زین، بشارت ، شوکت، مسعود، طارق، علی عرف فینسی اور ابرار کی جانب سے عرصہ دراز سے جوئے کے اڈے چلائے جارہے ہیں۔ اسی طرح سے تھانہ صدر، سمن آباد، فیکٹری ایریا، جھنگ بازار، سول لائن، گلبرگ، کوتوالی ، ٹھیکریوالا ، منصور آباد، نشاط آباد،مدینہ ٹائون، پیپلزکالونی، سمیت ضلع بھر کے تھانہ جات کے علاقوں میں عرصہ دراز سے بدکاری، منشیات فروشی، اور جوئے سمیت دیگر جرائم کے اڈے چلائے جانے کاانکشاف ہوا ہے ۔ بدکاری کے پوائنٹس چلانے والے بااثر ملزموں کی جانب سے کارروائیوں سے محفوظ رہنے کیلئے مبینہ طور پر متعلقہ پولیس افسروں اور ملازمین کو مبینہ طور پر بھاری نذرانے ادا کرنے کا بھی انکشاف سامنے آیا ہے ۔ جس کی وجہ سے جرائم کی شرح کم ہونے کی بجائے مزید بڑھتی جارہی ہے ۔ جبکہ جرائم کی وارداتوں میں اضافے اور باآسانی جرائم کے مواقع میسر آنے کی وجہ سے نوجوان نسل خصوصی طور پر طلباء و طالبات کا مستقبل بھی دائو پر لگ  چکاہے ۔ متعدد بار شکایات کے اندراج کے باوجود بھی پولیس افسرا ور ملازمین جرائم کی روک تھام میں غیر سنجیدہ  دکھائی دیتے ہیں۔ تاہم اس حوالے سے سٹی پولیس آفیسر عثمان اکرم گوندل نے پولیس افسروں اور ملازمین کو جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں