محکمہ کی ناقص کارکردگی ، زرعی ادویات قیمتوں میں اضافہ

محکمہ  کی  ناقص   کارکردگی ، زرعی  ادویات  قیمتوں  میں  اضافہ

فیصل آباد(عبدالباسط سے )محکمہ زراعت پیسٹی سائیڈ ڈیپارٹمنٹ کی مبینہ غفلت، لاپرواہی اور ناقص کارکردگی سے مارکیٹوں، بازاروں میں زرعی ادویات کی مصنوعی قلت پیدا کرتے ہوئے انکی قیمتوں میں ہوشرباء اضافہ کردیاگیا۔

جس پر رواں دنوں میں کماد، کپاس، سبزیوں، پھلوں سمیت دیگر زیر کاشت فصلوں پر کیڑوں مکوڑوں ، اور مختلف بیماریوں کے حملوں کے خدشات منڈلانے لگے جبکہ مارکیٹوں سے ادویات میسر نہ آنے اور زہریلی ادویات کی بروقت سپرے نہ کئے جانے سے زیر کاشت فصلوں کی پیداوارمتاثر ہونے اور کاشتکاروں کو بڑے نقصان کا سامنا کرنے کا خدشہ ہے ۔ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں محکمہ زراعت کے شعبہ پیسٹی سائیڈ کی جانب سے مارکیٹوں میں زرعی ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات نہ ہونے کے برابر دیکھائی دینے لگے ۔ مارکیٹوں ، بازاروں میں زرعی ادویات میسر نہ آنے کی وجہ سے کاشتکار خاصی مشکلات کا شکار بن گئے ۔ زرائع کے مطابق فیصل آباد کا ٹوٹل 36لاکھ 47 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ زیر کاشت اور کُل آبادی میں سے65فیصد سے زائد افراد زراعت کے شعبہ سے منسلک ہیں۔ حالیہ دنوں میں کپاس، کماد، سبزیوں اور پھلوں سمیت دیگر اہم فصلیں زیر کاشت ہیں، جن کی تیاری کے بعد اب ان فصلوں میں پھول، پھل پیدا ہونے کا بھی وقت قریب آچکا ہے ۔جبکہ اس وقت میں ان تمام فصلوں کو کیڑوں، مکوڑوں، اور زرعی بیماریوں کے حملوں سے بچانے کیلئے استعمال کی جانے والی زرعی ادویات مارکیٹوں میںناپید اور انکی قیمتوں میں ہوشرباء اضافہ کر دیاگیاہے ۔ ماہرین زراعت کا کہنا ہے کہ رواں دنوں میں ہونے والی بارشوں، حبس اور برسات جیسے موسم کی وجہ سے کیڑوں مکوڑوں کی پیداوار بھی تیزی سے ہورہی ہے ۔ جس سے فصلوں پر کیڑوں مکوڑوں اور دیگر زرعی بیماریوں کے حملوں کے خدشات منڈلانے لگے ہیں۔ جس سے فصلیں متاثر ہونے سے بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ کماد، گندم اور کپاس کو کیڑوں مکوڑوں اور بیماریوں سے بچاوّ کیلئے استعمال کی جانے والی ادویات کی قیمت مارکیٹ میں 4ہزار سے 4500 تک جاپہنچی ہے ، سبزیوں پر سپرے کیلئے استعمال کی جانے والی ادویات کی قیمت تین ہزار سے 3500روپے تک جاپہنچی ہے ۔ ذرائع کے مطابق یہ ادویات مارکیٹ میں میسر ہی نہیں اگر کہیں ملتی بھی ہیں تو دکانداروں اور ڈیلرز کی جانب سے من چاہی قیمتوں پر فروخت کی جارہی ہیں۔ زرعی ادویات فراہمی کو یقینی بنانے اور ناجائز منافع خوروں کو لگام ڈالنے کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات بھی ناہونے کے برابر ہیں تاہم معاملے پر ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت ڈاکٹر عامر رسول کاکہناہے کہ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیوں کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کو بہتر سہولیات اور ریلیف فراہمی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں