سیکرٹری سی اینڈڈبلیوکاانوکھا حکم ،محکمانہ امور متاثر ہونیکا خدشہ

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)سیکرٹری کمیونی کیشن اینڈ ورکس نے افسروں کو بڑی مشکل میں ڈال دیا۔ 13 بڑے سرکاری ہسپتالوں کے توسیعی کام کے لیے تشکیل دی گئی ٹیموں کو 24 گھنٹے موقع پر موجود رہنے کی ہدایت کردی۔
اعلیٰ حکام کے انوکھے حکم پردفاتر کے محکمانہ امور متاثر ہونے کا خدشہ سر اٹھانے لگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق الائیڈ ہسپتال فیصل آباد سمیت دیگرہسپتالوں کی ری ویمپنگ کی جائے گی جس کے لیے نگران پنجاب حکومت نے فنڈز بھی منظور کرلیے تاہم منصوبوں پر کام کے دوران نگرانی کے لیے قائم کی گئی ٹیموں کو 24 گھنٹے کام کی نگرانی کرنے کا انوکھا حکمنامہ بھی سامنے آگیا۔ جس پر افسروں میں پریشانی پائی جا رہی ہے ۔ انکاکہناہے کہ منصوبوں پر ہر وقت موجود رہنا ممکن نہیں۔ انکی غیر موجودگی میں نہ صرف دفتری امور متاثر ہوں گے بلکہ سرکاری سطح پرجاری دیگر منصوبوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے ۔ الائیڈ ہسپتال کی ری ویمپنگ کی ذمہ داری ملنے پر ایکسین بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ سارہ قمر کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے فنڈز منظوری کے بعد اجراء کے مرحلے میں ہیں۔ حکام کی گئی ہدایات پر ہر ممکن عملدرآمد کی کوشش کرتے ہوئے جلد از جلد پراجیکٹ پر کام مکمل کرلیا جائے گا۔