پائیدار ترقی اہداف کا حصول ترجیحات میں سرفہرست ـ:ڈی سی

فیصل آباد(نیوزرپورٹر)ڈپٹی کمشنر عبداﷲ نیئر شیخ نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول ترجیحات میں سرفہرست ہے اور اقوام متحدہ کی طرف سے مقرر کردہ 17 اہداف کی تکمیل کے لئے اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے یہ بات چناب کلب میں سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ اہداف(ایس ڈی جیز)کے اہداف کے حوالے سے آگاہی ومشاورتی سیشن سے بطورمہمان خصوصی خطاب کرتے کہی۔تقریب میں یواین ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر جیولن ہارنیس ،لیلی رباب جسکانی ودیگر ارکان کے علاوہ چیمبرآف کامرس،ویمن چیمبر،مختلف اداروں وسول سوسائٹی سے افرادبھی شریک تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا ضلعی انتظامیہ سمیت معاون محکمے ایس ڈی جیز کے 2030ء تک مقرر کردہ اہداف کی سو فیصد تکمیل کے لئے سرگرم ہیں اس ضمن میں چیمبر آف کامرس سمیت دیگر سٹیک ہولڈرز کو بھی اس میں شامل کیا گیا ہے تاکہ غربت کا خاتمہ،تعلیم وصحت سہولیات،گڈ گورننس ، خواتین کو جائے ملازمت پر یکساں مواقع ودیگر اہداف کا حصول ممکن ہوسکے ۔ فیصل آباد میں ایس ڈی جیز کے اہداف کی تکمیل کے سلسلے میں 6ارب سے 1284 ترقیاتی منصوبے مکمل ہوئے جبکہ اربوں روپے سے مزید پراجیکٹس تکمیلی مراحل میں ہیں۔ ضلع کے بند واٹر فلٹریشن پلانٹس کو فعال بنوایا گیا،واسا خدمات میں اضافہ کیا جارہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ علاقے سیوریج سہولیات سے مستفید ہوں۔