کماد میں تیلدار اجناس کی مخلوط کاشت ، آگاہی نشست
فیصل آباد(نیوزرپورٹر)محکمہ زراعت (توسیع) تحصیل سمندری کے زیر اہتمام ماہ ستمبر کاشتہ کماد میں تیلدار اجناس کی مخلوط کاشت کے فروغ کے لئے چک439 گ ب مرکز و تحصیل سمندری میں آگاہی نشست کااہتمام کیا گیا۔
زرعی ایمرجنسی پروگرام کے زیر انتظام کماد کی پیداوار میں اضافے کے قومی منصوبہ کے تحت ترقی پسند کاشت کار چودھری محمد یحییٰ ناصر نمبردار کے ڈیرہ پر منعقدہ تقریب میں علاقہ بھر سے کثیر تعداد میں کاشتکاروں نے شرکت کی۔زراعت آفیسر (توسیع) ڈاکٹر محمد نعیم اور سینئر زراعت آفیسر (توسیع) ڈاکٹر محمد عامر صدیق نے کماد اور کینولا کی پیداواری ٹیکنالوجی کے بارے میں زمینداروں کو تفصیلی آگاہ کیا ۔ ایکسٹرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع سمندری حافظ عدیل احمدنے محکمہ زراعت (توسیع) سمندری کی کارکردگی اور اس میں جاری پراجیکٹس/ سکیموں کے بارے زمینداروں کو بریفنگ دی۔ڈپٹی ڈائریکٹرزراعت توسیع چودھری خالد محمودنے کسانوں کو زمین کی زرخیزی کی بحالی، ستمبر کاشتہ کماد میں کینولہ کی مخلوط کاشت کی پیداواری حکمت عملی،بیماریوں اور کیڑوں کے انسداد،تدارک سموگ کے حوالے سے اقدامات اورنگران حکومت پنجاب کی طرف سے مہیا کردہ کماد مخلوط کاشت پر فی ایکڑ پانچ ہزار روپے رعایت،نمائشی پلاٹ کماد، کینولہ اور پیداواری مقابلہ کماد کے متعلق سیر حاصل آگاہی دی۔