ٹو بہ:ہسپتال انتظامیہ کی عدم دلچسپی ، پناہ گاہ منصوبہ غیر فعال
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ہسپتال انتظامیہ کی عدم دلچسپی سے پناہ گاہ کا منصوبہ اپنی افادیت کھو بیٹھا ،مریضوں کے لواحقین کھلے آسمان تلے رات گذارنے پر مجبور ہو کر رہ گئے ۔۔۔
ذرائع کے مطابق حکومت کے فلاحی ریاست کے ویژن کے تحت ڈسٹر کٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کے لواحقین کو رات کے وقت قیام و طعام کی سہولیات کی فراہمی کیلئے 2019میں مذکورہ ہسپتال کے احاطہ میں کروڑوں روپے کی لاگت سے خوبصورت عمارت تعمیر کر کے پناہ گا ہ ( شیلٹر ہوم ) کا قیام عمل میں لایا گیا تھا ،جس میں ایک سو افراد کے قیام کی گنجائش موجود ہے ، جن میں پچاس مرد وں اور پچاس خواتین کیلئے الگ الگ پورشن قائم کئے گئے ہیں ،جبکہ شیلٹر ہوم کے کمروں میں بیڈز ، 6 واش رومز، ’سکیورٹی اور عملہ دفاتر کے کمرہ جات سمیت پینے کے پانی، ’ بجلی اور دیگر ضروری سہولتیں فراہم کی گئی ہیں ،تاہم ہسپتال انتظامیہ کی عدم دلچسپی سے مذکورہ منصو بہ اپنی افادیت کھو بیٹھا ہے ،اس سلسلہ میں لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ ہسپتال کے گراسی لان میں رات گزارتے ہیں،عوامی حلقوں نے مذکورہ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے پناہ گاہ کو فنگشنل کر نے کا مطالبہ کیا ہے ۔