فیصل آباد بائی پاس مقررہ مدت تک مکمل کیاجائے :ڈی سی

فیصل آباد بائی پاس مقررہ مدت تک مکمل کیاجائے :ڈی سی

فیصل آباد،مکوآنہ(نیوزرپورٹر،نمائندہ دنیا)فیصل آباد بائی پاس کی تعمیر ومرمت وبحالی کے میگا پراجیکٹ کا 82 فیصدکام مکمل ہوچکا ہے جبکہ باقی ماندہ کام پر تیز رفتارعملدرآمد جاری ہے۔

 ڈپٹی کمشنرعبداللہ نیئر شیخ نے مکوآنہ بائی پاس سے خانوآنہ بائی پاس،خانوآنہ سے ستیانہ روڈ بائی پاس،روشن والا بائی پاس،سدھار بائی پاس کا دورہ کرکے تعمیر و مرمت وبحالی کے جاری کاموں پر بریفنگ لی۔ انہوں نے تعمیراتی میٹریل کی کوالٹی بھی چیک کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ میگا پراجیکٹ 6ارب 46 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جارہا ہے ۔ دوران تعمیر حفاظتی اقدامات پر ذمہ دارانہ عملدرآمد کیا جائے جبکہ شہریوں کی رہنمائی کیلئے ٹریفک کے متبادل کے لئے ڈائیورشن اور ڈائریکشن بورڈنصب رہنے چاہئیں۔انہوں نے تعمیراتی عمل کی رفتار مزید تیزکرنے کی تاکید کی اورکہا کہ ایکسین اور ٹھیکیدار ذہن نشین کرلیں کہ شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ بائی پاس سے ٹریفک کی بلاتعطل دیگر اضلاع میں روانی کے لئے میگا پراجیکٹ کی مقررہ مدت میں تکمیل میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں