ملت روڈ سے عارضی و پختہ تجاوزات کا صفایا کردیا گیا
فیصل آباد(نیوزرپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے آصف چودھری کی ہدایات پر ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں تجاوزات کے خلاف آپریشن تسلسل کے ساتھ جاری ہے ۔۔۔
اس سلسلے میں ایف ڈی اے اینٹی انکروچمنٹ عملہ نے کارروائی کرتے ہوئے ملت روڈ کی مختلف جگہوں سے عارضی و پختہ تجاوزات کا صفایا کردیاجبکہ تجاوزات سے باز نہ آنے والے 20دکانداروں کے خلاف چالان کرکے سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت کو بھجوا دئیے ۔علاوہ ازیں ایف ڈی اے سٹی میں تعمیر کئے گئے ناجائز ریمپ کو بھی مسمار کر دیا گیا۔ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے ملت روڈ کی انسپکشن کی تو وہاں کئی جگہوں پر دکانداروں وریڑھی چھابڑی والوں نے گزرگاہوں پر قبضہ کرکے شہریوں کی آمد ورفت میں مشکلات پید ا کررکھی تھیں جن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تجاوزات کاخاتمہ کرکے سرکاری جگہ اور عوامی راستوں کو خالی کرالیاگیا ۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طر ف سے خبردار کیاگیاہے کہ سڑکوں، فٹ پاتھوں، عوامی راستوں اور دیگر سرکاری جگہوں پر تجاوزات سے اجتناب کیاجائے بصورت دیگر آپریشن کے دوران تجاوزات میں استعمال ہونے والا سامان اٹھا کر بحق سرکارضبط کرلیاجائیگا۔