جعلسازی سے ترقی،فیسکو افسر ایف آئی اے ریڈار پر
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)جعلسازی اور دھوکہ دہی سے ترقی پانے والا فیسکو آفیسر ایف آئی اے کے ریڈار پر آگیا۔
ترقی پانے کیلئے جعلی دستاویزات تیار کرکے ترقی دینے والی کمیٹی کو پیش کرنے والے آفیسر کا تمام ریکارڈ ایف آئی اے حکام کی جانب سے طلب کرلیاگیا۔ذ رائع کے مطابق فیسکو کے آفیسر محمود کی جانب سے ترقی پانے کیلئے بی او ڈی کے سامنے فیسکو اور ایف آئی اے کے جعلی این او سیز تیار کرکے پیش کردئیے گئے ۔ جس بنیا د پر مذکورہ آفیسر کو 18 سکیل سے 19 میں ترقی دے دی گئی۔ جس کی ا طلاع ملنے پر معاملے کی مکمل تحقیقات کیلئے ایف آئی اے حکام کی جانب سے فیسکو حکام سے مذکورہ آفیسر کے تمام تر دستاویزات اور ریکارڈ طلب کرلیاگیا۔ ایف آئی اے زرائع کے مطابق مذکورہ آفیسر محمود کے خلاف ایف آئی اے میں ایک انکوائری نمبر 690/22 زیر سماعت ہے ، جسکی تحقیقات مکمل ہونے تک مذکورہ آفیسر کو کوئی ترقی نہیں دی جاسکتی، جبکہ مذکورہ آفیسر کی جانب سے جعلی دستاویزات تیار کرواکر حکام کے سامنے پیش کرتے ہوئے ترقی حاصل کرلی گئی۔ جبکہ ایف آئی اے حکام کی جانب سے دوبارہ سے جاری کی جانے والی انکوائری کو دبانے کیلئے بھی مذکورہ آفیسر کی جانب سے مختلف ذرائع کا استعمال کیا جانے لگا ہے ، تاہم ایف آئی اے حکام کی جانب سے معاملے کی تحقیقات کیلئے انکوائری شروع کردی گئی ہے ۔