پٹرول کی حد مزید کم،ہائی ویز پر پولیس گشت ناممکن

پٹرول کی  حد  مزید کم،ہائی ویز پر پولیس گشت ناممکن

فیصل آباد(عبدالباسط سے )پنجاب ہائی وے پولیس حکام کی جانب سے چیک پوسٹوں کے علاقوں میں پٹرولنگ گشت کیلئے دی جانے والی گاڑیوں کیلئے جاری ہونے والے فیول کی مقدار انتہائی حد تک کم کردی گئی۔۔۔

 24 گھنٹوں میں تین شفٹوں کے دوران کی جانے والی پٹرولنگ گشت کیلئے صرف 3لٹر فیول مقرر کردیاگیا۔ جس کی وجہ سے ہائی ویز پر پٹرولنگ پولیس کی گشت نہ ہونے کے باعث ڈکیتی، چوری، راہزنی، نوسربازی، منشیات فروشی، اور دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث عناصر کیلئے ہائی ویز محفوظ آماجگاہ بن گئے۔ہائی ویز پر جرائم میں اضافے کی وجہ سے شہریوں کا ہائی ویز پر سفر کرنا بھی محال ہوگیا ، جبکہ فیول کی کمی کی وجہ سے ناصرف محکمہ پنجاب ہائی ویز اینڈ پٹرولنگ پولیس کی کارکردگی بُری طرح سے متاثر ہورہی ہے بلکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کار روائیاں نہ ہونے سے جرائم کی شرح میں بھی ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے ۔ ذ رائع کے مطابق فیصل آباد ریجن بھر کی ہائی ویز پر ٹریفک کی آمدورفت کے دوران شہریوں کے سفر کو محفوظ بنانے کیلئے پنجاب پٹرولنگ اینڈ ہائی وے پولیس کی جانب سے ریجن بھر میں مجموعی طور پر 54 چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں۔

ان تمام چیک پوسٹوں کی حدود 30سے 35کلومیٹرز کے درمیان ہے ، ہر چیک پوسٹ کے علاقے میں گشت، ناکہ بندی، اور پٹرولنگ کیلئے ایک ایک موبائل گاڑی فراہم کی گئی ہے ، تاکہ ان گاڑیوں کی مدد سے ہائی ویز اور دیگر علاقوں میں گشت کرتے ہوئے مانیٹرنگ ، ناکہ بندی اور اسنیپ چیکنگ کے ساتھ ساتھ شو آف فورس کی جاسکے تاکہ جرائم کی وارداتوں میں بھی کمی آسکے اور شہریوں کو بھی محفوظ اور جرائم سے پاک ماحول فراہم کیا جاسکے ۔ ان گاڑیوں کی پٹرولنگ کیلئے قبل ازیں اعلی حکام کی جانب سے فی گاڑی 24گھنٹوں کے تین شفٹوں کے دوران 25لٹر فیول رکھا گیا تھا، بعد ازاں یہ فیول کم کرکے 15لٹر اور اب صرف 3لیٹر مقرر کردیا گیا ہے ۔ جس کی وجہ سے پٹرولنگ اینڈ ہائی وے پولیس کیلئے اپنے علاقوں میں گشت کرنا بالکل ہی ناممکن ہو گیا ہے ، پٹرولنگ پولیس کی ٹیمیں گشت کی بجائے صرف ایک ہی پوائنٹ پر گاڑیاں کھڑی کرکے اپنی ڈیوٹی کے اوقات گزارنے کو ترجیح دینے لگے ہیں۔معاملے پر ایس ایس پی پٹرولنگ اینڈ ہائی ویز پولیس مرزا انجم کمال کہتے ہیں کہ محدود وسائل کے باوجود بھی جرائم کی روک تھام اور جرائم پیشہ عناصر کی پکڑ دھکڑ کیلئے بہترین اقدامات اٹھائے جارہے ہیں تاکہ شہریوں کو جرائم سے پاک معاشرہ میسر آسکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں