ماں بچہ صحت پروگرام مسلسل نظرانداز،116 ہیلتھ مراکز الٹراسائونڈ کی بنیادی سہولت سے محروم
فیصل آباد(بلال احمد سے )ماں بچہ صحت پروگرام مسلسل نظر انداز ہونے لگا۔ کئی ماہ بعد بھی 116 بنیادی مراکز صحت انتظامی غفلت پرالٹرا ساؤنڈ جیسی بنیادی سہولت سے محروم ۔
محکمہ ہیلتھ کاماں بچہ صحت پروگرام سہولیات کے فقدان پر اپنی افادیت کھو رہا ہے ۔ ضلع بھر میں قائم 124 بنیادی مراکز صحت میں سے صرف 8پر ہی الٹر ساؤنڈ کی سہولت دستیاب ہے دیگر پرسہولت نہ ہونے پر چیک اپ اور علاج کے لیے آنے والی خواتین کو شدیدمشکلات کا سامنا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر کی جانب سے متعدد بار اس بارے پروگرام ڈائریکٹر کو آگاہ کیا جا چکا ہے تاہم اعلیٰ حکام ٹس سے مس ہونے کو تیار نہیں۔ الٹر ساؤنڈ مشین قیمت اڑھائی سے تین لاکھ میں ملتی ہے ۔ مراکز صحت پرفراہمی کے لیے 4 کروڑ کے فنڈز درکار ہیں۔ ہیلتھ مراکز پر آنے والی خواتین کا کہنا ہے کہ نجی لیبارٹری سے الٹرا ساؤنڈ کروانے کے لیے ہر بار ایک ہزار تک اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں۔ بصورت دیگر شہر کے بڑے سرکاری ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے جس سے طویل سفر کی کوفت اٹھانا پڑتی اورحالت خراب ہو جاتی ہے ۔ انہوں نے محکمہ کے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ صحت مراکز میں فوری الٹرا ساؤنڈ کی سہولت فراہم کی جائے ۔دوسری جانب ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ماں بچہ صحت پروگرام خادم حسین کا کہنا ہے کہ پروگرام ڈائریکٹر پنجاب کو اس حوالے سے آگاہ کردیاگیاہے ڈپٹی کمشنر کو بھی تفصیلات فراہم کی جا رہی ہیں، امید ہے مسئلہ جلدحل ہوجائے گا۔