ماحولیات کے دن پر بھی فضا آلودہ ، انتظامیہ ناکام : کوئی تقریب نہ ہو سکی

ماحولیات  کے  دن  پر  بھی  فضا  آلودہ  ،  انتظامیہ  ناکام  :  کوئی  تقریب  نہ  ہو  سکی

فیصل آباد(قمر ارشاد سے )ماحولیاتی صحت کے عالمی دن پر بھی شہری آلودہ فضا میں سانس لیتے رہے ۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تحفظ ماحولیات نہ تو کوئی تقریب منعقد کرسکی اور نہ ہی زہریلا دھواں چھوڑتی فیکٹریوں کی چمنیاں، بھٹے اور پبلک ٹرانسپورٹ کو بند کروا سکی۔

 تفصیلات کے مطابق 26ستمبر ہر سال عالمی سطح پر ماحولیاتی صحت کے حوالے سے منایا جاتا ہے جس کا مقصد فضائی آلودگی کو کم کرنے کی آگاہی دینا اور فضا کو صاف رکھنے کی ہدایات جاری کرنا ہے لیکن فیصل آباد کی انتظامیہ اور محکمہ ماحولیات کو ماحولیاتی صحت کے عالمی دن پر بھی کوئی چھوٹی تقریب منعقد کرنے کی بھی زحمت نہ ہوئی اور فضا میں زہر گھولنے والے عناصر اپنی موج میں مگن گندا اور زہریلا دھواں چھوڑ کر کمزور انتظامیہ اور محکمہ صحت کو منہ چڑاتے رہے جس سے ماحول دشمن عناصر ماحولیاتی صحت کے دن بھی فضائی آلودگی بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہے ۔ زرائع کے مطابق گزشتہ روز فضا میں زہر گھولنے کے نتیجے میں ائیر کوالٹی انڈکس 150 تک جا پہنچا جس سے ہوا میں مضر صحت اجزاء بھی بڑھ گئے ہیں اور فیصل آباد بھی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سے ایک ہو گیا۔ زرائع کے مطابق فیصل آباد میں بیشتر فیکٹریاں، بھٹے اور پبل؛ک ٹرانسپورٹ ہوا میں زہر گھول رہی ہے لیکن محکمہ ماحولیات کی جانب سے کوئی مئوثر کارروائیاں نہیں ہیں جبکہ محکمہ ماحولیات کی جانب سے مبینہ طور پر فرضی کارروائیوں کی رپورٹ بھی کی جاتی ہے ۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ فیصل آباد میں آلودگی تیزی سے بڑھتی چلی جارہی ہے جس کے باعث ہوا میں آلودگی کے باعث آشوب چشم، سانس اور پھیپھڑوں کی بیماریاں جنم لے رہی ہیں اور آئندہ موسم سرما میں سموگ کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ انتطامیہ اور محکمہ ماحولیات کی جانب سے اگر ماحولیاتی صحت کے عالمی دن پر کوئی تقریب منعقد نہیں کی جاسکی تو کم از کم ایک دن کے لیے ہوا میں زہر گھولنے والے یونٹس اور بھٹے ہی بند کروا دیے جاتے لیکن انتظامی ادارے اور محکمہ ماحولیات روایتی طور پر خواب غفلت میں سوئی رہی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں