فیسکومیں ایک کروڑ سے زائد کی مبینہ کرپشن بے نقاب

فیسکومیں ایک کروڑ سے زائد کی مبینہ کرپشن بے نقاب

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)فیسکومیں کمپیوٹر آپریٹر کی جانب سے ایک کروڑ روپے سے زائد کی مبینہ کرپشن بے نقاب، اصغر نامی کمپیوٹر آپریٹر افسروں کی ناک تلے سسٹم میں نقب لگا کررقم لے اڑا۔ شعبہ آئی ٹی کے افسرمعاملہ دبانے کی کوشش کرتے رہے۔

 بعد ازاں انکوائری کمیٹی بنا دی گئی۔ فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے شعبہ آئی ٹی میں بڑی کرپشن کا پردہ چاک ہوگیا۔ کمپوٹر آپریٹر اصغر کئی ماہ تک مبینہ فراڈ سے ماہانہ بیس لاکھ سے زائد تنخواہ لیتا رہا۔ جسکی کسی کو کان و کان خبر نہ ہوئی۔ ذرائع کے مطابق ملزم نے عملہ کے ساتھ ساز باز کرکے اپنے اکاؤنٹ میں ایک کروڑ سے زائد رقم منتقل کی۔ اکاؤنٹ سیکشن میں کام کرنے والے کمپیوٹر آپریٹر کی کرپشن سامنے آنے پر فیسکو کے افسر پہلے معاملہ گول کرنے کی کوشش کرتے رہے تاہم ناکامی پر ڈائریکٹر جنرل ایچ آر نے انکوائری کمیٹی بنادی جس میں ڈائریکٹر سی غلام مجتبیٰ خان کو کنوینئر، ڈائریکٹر ایس اینڈ آئی سلیم شاہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر آڈٹ معظم سرفراز کو بطور ممبر شامل کیا گیا ہے ۔ ڈی جی ایچ آر کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں مرکزی ملزم سمیت دیگر سہولت کاروں کا بھی تعین کرکے کارروائی کی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں