12 ربیع الاول کی چھٹی پر گئے افسر ہفتہ کو بھی دفاتر نہ آئے
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)12ربیع الاول کی سرکاری چھٹی پر گئے افسر ہفتہ کے روز بھی دفاتر نہ آئے ۔ صوبائی محکموں میں افسروں کی کرسیاں خالی رہیں جبکہ دور دراز سے آئے سائلین مایوس لوٹتے رہے۔
بیشتر اداروں کے افسروں نے جمعرات کی شام آبائی علاقوں کو رخت سفر باندھا اور جمعہ کے بعد ہفتہ ڈیوٹی پر نہ پہنچے ۔ محکمہ زراعت، اوقاف، بیت المال، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، فنانس، وائلڈ لائف، محکمہ جنگلات، محکمہ خوراک، ہیومن رائٹس، انڈسٹریز، محکمہ انہار، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، محکمہ مواصلات، سپیشل ایجوکیشن سمیت دیگر محکموں کے کئی افسراپنے دفاتر سے غائب رہے جس سے سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وقت کی پابندی اور دفاتر میں حاضری کے حوالے سے پنجاب حکومت کی جانب سے کوئی نوٹس نہیں لیا جا رہا جس سے سرکاری دفاتر سے ایک روز میں ہونے والا کام کئی کئی ہفتے لٹکتا رہتا ہے ۔ انہوں نے حکومت سے دفاتر میں افسروں کی حاضری یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔